جامعہ کراچی اور یونیورسٹی آف آزاد جموں کشمیر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 18 جون 2021 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) جامعہ کراچی اور جامعہ آزاد جموں کشمیر مظفرآباد کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سے متعلق معاہدہ طے پاگیا۔ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عالیہ رحمن اور مینجر ریسرچ آپریشنز ڈاکٹر اسماء تبسم نے جامعہ کراچی کی نمائندگی کی۔ ڈائریکٹر اورک آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نعیم اور ڈاکٹر عالیہ رحمن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ ریسرچ ایکسچینج پراجیکٹس سمیت مختلف امور پر تعاون کریں گے۔ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عالیہ رحمن کا کہنا تھا کہ معاہدے کے ذریعے دونوں جامعات شعبہ حیوانیات ،نباتیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی علوم سمیت مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کو معاونت کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسماء تبسم کا کہنا تھا کہ کشمیر کی زمین زرخیز ہے، ساتھ ہی یہاں موجود حیاتی نظام پر تحقیق کی بے انتہا گنجائش موجود ہے اور اس معاہدے سے جامعہ کراچی کے طلبہ کو عملی تعلیم کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی۔

دونوں جامعات کے اورک سربراہان نے جامعات کے مابین سیمینارز کے انعقاد، مضامین کی اشاعت اور فیکلٹی کی سطح پر تعاون کے حوالے سے بھی اتفاق کیا۔جامعہ آزاد جموں کشمیر کے مینجر لنکیجز ڈاکٹر عبدالماجد، ڈائریکٹر بی آئی سی محسن باندے، رجسٹرار جامعہ آزاد جموں کشمیر ڈاکٹر عائشہ سہیل سمیت مختلف شعبہ جات کے صدور بھی تقریب کا حصہ بنے۔ ڈاکٹر انصر یاسین نے جامعہ آزاد جموں کشمیر کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ جامعہ آزاد جموں کشمیر کی انتظامیہ نے جامعہ کراچی میں اے جے کے کارنر کے قیام کی تجویز بھی دی۔ منتظمین نے جامعہ کراچی سے آنے والے دو رکنی وفد کا والہانہ استقبال کیا۔