بلوچستان بجٹ میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کیلئے ترقیاتی مد میں52.668 بلین روپے ،غیر ترقیاتی مد میں 13.793 بلین روپے مختص

مواصلات کے لئے آئندہ مالی سال میں 550 اور تعمیرات کے لئے 67 نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں،صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمد بلیدی

جمعہ 18 جون 2021 20:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے لئے ترقیاتی مد میں52.668 بلین روپے جبکہ غیر ترقیاتی مد میں 13.793 بلین روپے مختص کئے گئے ہیںجبکہ مواصلات کے لئے آئندہ مالی سال میں 550 اور تعمیرات کے لئے 67 نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن کا مجموعی تخمینہ لاگت 25.478 بلین روپے ہے۔

یہ بات صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمد بلیدی نے جمعہ کو آئند ہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے و عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے ذرائع مواصلات وتعمیرات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بلوچستان جیسے وسیع و عریض صوبے جس میں مختلف آبادیوں کے درمیان زمینی فاصلے بہت زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت معیاری تکمیل کے لئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو دو محکموں میں تقسیم کردیا ہے تاکہ ہر دو شعبہ جات یعنی روڈزاور فزیکل پلاننگ کے شعبہ جات مزید متحرک انداز میں خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہائی ویز حادثات کی وجہ سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ ہائی ویز کے امور وفاقی حکومت کے ماتحت ہیں ہماری حکومت کی کاوشوں سے مالی سال 2021-22میں وفاقی حکومت نے کراچی تا کوئٹہ کی اہم شاہراہ کو دورویہ کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں کچلاک تا خضدار 81.582 بلین روپے مختص کئے ہیں ،جو کہ موجودہ حکومت کی اہم کامیابی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال 2021-22کے لئے مواصلات کے لئے 550 اور تعمیرات کے لئے 67 نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن کا مجموعی تخمینہ لاگت 25.478 بلین روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021-22 کے ترقیاتی مد میں اس شعبے کے لئے 52.668 بلین روپے جبکہ غیر ترقیاتی مد میں 13.793 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔