جن لوگوں نے ریسکیو 1122 کے قانون پر عمل درآمد د کروانے میں رکاوٹیں ڈالیں ، انکے خلا ف کارروائی ہوگی‘پرویز الٰہی

آئندہ میٹنگ میںعملدرآمد دنہ ہونے کی وجوہات تحریری طور پر پیش کی جائیں ،سپیکر کی ذمہ دران افسران کو ہدایت

جمعہ 18 جون 2021 21:33

جن لوگوں نے ریسکیو 1122 کے قانون پر عمل درآمد د کروانے میں رکاوٹیں ڈالیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیرِ صدارت پنجاب اسمبلی میں سپیشل کمیٹی نمبر 13کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ ، اراکین اسمبلی ملک محمد احمد خان ، ملک احمد علی او لکھ، ملک ندیم کامران، راجہ یاور کمال، سید عثمان محمود، نوابزادہ وسیم خان، میاں شفیع محمد، میاں جمشیدالطاف ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اورڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے شرکت کی۔

گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو 1122 کا قانون اسمبلی سے پاس ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے سپیشل کمیٹی نمبر 13 کی میٹنگ طلب کی تھی۔ اس سلسلہ میں رکن اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اسمبلی میں تحریک استحقاق دی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے مورخہ 16-06-2006کو ایک ایکٹ پاس کیا جس کی تحت ایمرجنسی سروس 1122 معرضِ وجود میں آئی۔

(جاری ہے)

اس ایکٹ میں درج تھا کہ اس ادارے کا انتظام و انصرام چلانے کے لیے متعلقہ محکمہ رولز بنائے گالیکن سالہا سال گزرنے کے باوجود رولز نہ بن سکے۔ اس کے پیشِ نظر مورخہ02 مارچ 2021 کو معزز ایوان نے متفقہ طور پر ایمر جنسی سروسز ترمیمی بل پاس کیا جس کے تحت ڈی جی ر یسکیو کی سروسز کو ریگو لارائز کرنا تھا ۔ اس ادارے میں کام کرنے والے باقی ملازمین کے معاملات طے کرنے کے علاوہ اسے ایک خودار محکمہ کا درجہ دینا تھا لیکن چار ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جن لوگوں نے اس قانون پر عمل درآمد د کروانے میں رکاوٹیں ڈالیں ، ان کے خلا ف کارروائی ہوگی۔ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ِ S&GAD ِ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری ریگولیشن، سیکرٹری آئی اینڈ سی سے 1122 کے قانون پر عمل درآمد نہ کرنے کی تحریری وضاحت طلب کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ۔ بعدازاں میٹنگ کے سربراہ چودھری پرویز الٰہی نے سپیشل کمیٹی کی میٹنگ 21جون 2021تک ملتوی کردی۔