آئی جی پنجاب انعام غنی سے مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے وفدکی سی پی او میں ملاقات

صوبہ بھر میں اہل تشیع کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے‘انعام غنی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما ء کی مذہبی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے ‘ آئی جی پنجاب کی وفد سے گفتگو

جمعہ 18 جون 2021 21:33

آئی جی پنجاب انعام غنی سے مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے وفدکی سی پی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے علمائے اکرام کا باہمی تعاون او رمذہبی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے چنانچہ تمام مکاتب فکر کے علما ء کے ساتھ ساتھ شہریوں کوبھی ملکی سا لمیت اورسماجی امن واتحادکے لئے اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا اور ہمیں بحیثیت قوم خود میں برداشت اور درگزر کو مزید بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں امام بارگاہوں اور مساجد کی سیکیورٹی کے فرائض جانفشانی اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ اداکر رہی ہیں اور شیعہ کمیونٹی کو درپیش مسائل کا حل مستقبل میںبھی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں اہل تشیع عمائدین کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیں تاکہ مقدس ایام کے دوران سیکیورٹی کے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جاسکیں اور ساتھ ہی ساتھ شیعہ کمیونٹی کے مسائل اور شکایات کے ازالے میںکوئی کسر باقی نہ رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے 9رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات شیعہ علماء وفد نے آئی جی پنجاب کو آمدمحرم پر مجالس اور جلوسوںکی سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔وفد کے سربراہ اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ عبدالخالق اسدی نے کمیونٹی کے مسائل سننے اور انکے ازالے کیلئے فوری ہدایات جاری کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ ہر ممکن تعاون اور سپورٹ فراہم کی ہے۔

علامہ حسن رضا ہمدانی نے امام بارگاہوں اور مساجد کی سیکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس کے تعاون کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہاکہ پولیس ٹیمیں جس فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرتی ہیں اس پر وہ پوری کمیونٹی کی جانب سے پنجاب پولیس کا شکرگذار ہیں ۔ دوران ملاقات شیعہ علمائے کرام نے گذشتہ جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات پرمکمل اطمینان کا اظہار کیا۔علامہ عبدالخالق اسدی کی قیادت میں آئے مجلس وحدت المسلمین کے وفد میںافسر رضا خان ، علامہ حسن رضاہمدانی سمیت 9 علمائے اکرام شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :