شاہ محمود قریشی کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

پاکستان اور کرغزستان کے مابین یکساں تاریخی، ثقافتی و تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ، گہرے دو طرفہ تعلقات ہیں، شاہ محمود قریشی دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور کرغزستان کے مابین علاقائی و بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 18 جون 2021 22:05

شاہ محمود قریشی کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی میں منعقدہ انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر کرغزستان کے وزیر خارجہ قزاق بائف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور کرغزستان کے مابین یکساں تاریخی، ثقافتی و تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ، گہرے دو طرفہ تعلقات ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کرغزستان کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی و دفاعی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے کاسا 1000 جیسے اہم منصوبوں کی جلد تکمیل کا خواہاں ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کرغزستان کے مابین علاقائی و بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان،اپنی اقتصادی ترجیحات کو پیش نظر رکھتے ہوئے، وڑن سنٹرل ایشیا"کے تحت وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ ، دیرپا اقتصادی شراکت داری کے حصول کیلئے کوشاں ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کرغزستان کے مابین زمینی اور ہوائی روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ۔وزیر خارجہ نے کرغزستان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم طلباء کا خصوصی خیال رکھنے پر کرغستانی ہم. منصب کا شکریہ ادا کیا ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کرغزستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ سیاسی مذاکرات کا سلسلہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔