پہلی مرتبہ پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے رافیل جنگی طیاروں کا سامنا کرنے کیلئے تیار

ترکی میں 3 روزہ فضائی مشقوں کا انعقاد، پاکستان، قطر، آذربائیجان اور ترکی کے جنگی طیارے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جون 2021 21:32

پہلی مرتبہ پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے رافیل جنگی طیاروں کا ..
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2021ء) پہلی مرتبہ پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے رافیل جنگی طیاروں کا سامنا کرنے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دوست اسلامی ملک ترکی میں 3 روزہ خصوصی فضائی مشقوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فضائی مشقیں 3 روز تک جاری رہیں گی، جن میں کئی ممالک کے جنگی طیارے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

مشقوں میں 4 اسلامی ممالک پاکستان، قطر، آذربائیجان اور ترکی کے جنگی طیارے شریک ہوں گے۔ مشقوں میں پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر، ترکی کے ایف 16، آذربائیجان کے مگ 29 جبکہ قطر کے رافیل جنگی طیارے شامل ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں اور فرانسیسی ساختہ رافیل جنگی طیاروں کا آمنا سامنا ہوگا۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ بھارت نے فروری 2019 میں ہونے والی فضائی جھڑپوں کے دوران پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد فرانس سے جدید رافیل جنگی طیارے حاصل کیے تھے۔

رافیل جنگی طیارے حاصل کرنے کے بعد بھارت کی جانب سے بار بار بھڑکیں ماری گئیں کہ اب بھارتی فضائیہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی۔ اس تمام صورتحال میں دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے رافیل جنگی طیارے حاصل کرنے کے بعد ترکی میں منعقدہ مشقیں پاکستان کیلئے ایک سنہری موقع ہے۔ ان فضائی مشقوں کے دوران پاکستان قطر کے رافیل جنگی طیاروں کا قریب سے مشاہدہ کر کے یہ جان سکتا ہے کہ جنگی صورتحال میں ان طیاروں کو کیسے کاونٹر کیا جائے۔

یہاں یہ یاد رہے کہ رافیل کو دنیا کے مہنگے اور جدید ترین جنگی طیارے کی حیثیت حاصل ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے چین کے اشتراک سے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے نے بھی پوری دنیا میں خاصی شہرت حاصل کی ہے۔ ماہرین کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر فرانس کے رافیل کے مقابلے میں کم بجٹ جنگی طیارہ ہے، تاہم اس کے باوجود یہ جنگی طیارہ رافیل کو بھرپور ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔