صوبائی بجٹ کو فلاحی، عوام دوست اور ترقی پسند بجٹ ہے،اکبر ایوب خان

جمعہ 18 جون 2021 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبر ایوب خان نے صوبائی بجٹ کو فلاحی، عوام دوست اور ترقی پسند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلے ایسا زبردست ترقیاتی اور غریب دوست بجٹ پیش نہیں ہوا سابقہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجٹ کے نام پر اعداد و شمار کے گورکھ دھندوں میں عوام کو الجھاتی رہیں صوبائی بجٹ پر اپنے تبصرے میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں ان اہداف سے بڑھ کر ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کئے جو ہمارے انتخابی وعدے تھے اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہم نے تاریخ میں پہلی بار بجلی پیداوار کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت نہ صرف صوبہ توانائی کے شعبے میں خودکفیل ہو گا یہاں نئی صنعتیں قائم ہوں گی بلکہ ہم اپنی اضافی بجلی دوسروں کو بیچنے کے قابل ہوں گے صوبے کو سیاحتی نقطہ نظر سے دنیا بھر کیلئے پرکشش بنایا جا رہا ہے جس سے عوام کی معاشی حالت بہتر ہونے کے علاؤہ ہمارے سافٹ امیج کو عالمی پذیرائی ملے گی صحت کارڈ کے علاؤہ غریب عوام کی غذائی ضروریات کیلئے 110 ارب روپے فوڈ پیکٹ کی تخصیص ہمارا نیا منفرد اقدام ہے جو فلاحی ریاست کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ صوبے میں باقی مساجد کی سولرائزیشن کیلئے بھی پانچ ارب روپے رکھے گئے ضم شدہ اضلاع کیلئے 199 ارب روپے مختص کئے گئے جو تاریخی فیصلہ ہے اسی طرح صحت و تعلیم اور دیگر تمام شعبوں کیلئے فنڈز میں نمایاں اضافے کے ساتھ ساتھ محکمہ بلدیات میں پندرہ فیصد کا خطیر اضافہ کیا گیا بلدیاتی انتخابات کیلئے ایک ارب روپے الگ رکھے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں شہری و دیہی سطح پر صحت و صفائی، آبنوشی اور پارکس سمیت میونسپل خدمات بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے بھی پہلی بار ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز سے صوبے کے تمام اضلاع میں خواتین کیلئے فیملی پارک قائم کئے جائیں گے جبکہ تمام ٹی ایم ایز کو کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے جدید مشینری کا بندوبست بھی بجٹ کا حصہ ہے شہروں اور دیہات سے لیکر پہاڑوں کی چوٹیوں تک نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اکبر ایوب خان نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پورے ہزارہ ڈویژن کے ساتھ ساتھ ضلع ہری پور کیلئے بھی میگا منصوبے رکھے گئے جن میں ساڑھے تین ارب روپے کے خرچ سے گریوٹی واٹر سپلائی اسکیم، ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل سٹی کا قیام، میڈیکل کالج و ڈینٹل کالج کی فزیبلٹی اور اربوں روپے کے دوسرے متعدد چھوٹے بڑے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ہدف تمام اضلاع میں متوازن ترقی ہے جبکہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے وہ ہری پور کی تقدیر بدلنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔