شیریں جناح کالونی ٹرمینل :متاثرین کو متبادل جگہ دی جائے ،ْ حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی متاثرین کوکسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ،ْامیرجماعت اسلامی کراچی کاشیریں جناح کالونی میں احتجاجی جلسے سے خطاب عید الاضحی کے بعد حق دوکراچی تحریک کا اگلا مرحلہ شروع کریں گے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیرا ؤ کریں گے

جمعہ 18 جون 2021 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شیریں جناح کالونی ٹرمینل ذوالفقار آباد منتقل کرنے سے قبل وہاں کا انفرااسٹرکچر تعمیر کرنے کے بعد متاثرین کو منتقل کیا جائے ،حکومت متاثرین کو ذوالفقار آباد میں مکان کے بدلے مکان اور دوکان کے بدلے دوکان فراہم کرے اور انہیں مالکان حقوق فراہم کر ے،جماعت اسلامی متاثرین شیریں جناح کالونی کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ،ادھورے انصاف سے ہمیشہ حق تلفی ہوتی ہے ،چیف جسٹس آف پاکستان متاثرین کو انصاف فراہم کریں اور اصل مجرموں کو پکڑنے کے احکامات جاری کریں،شیریں جناح کالونی میںہزاروں مکینوں کا روزگار وابستہ ہے، وفاقی وصوبائی حکومتیں بظاہر تو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اورلڑائی کرتی نظر آتی ہیں لیکن حقیقت میں یہ لوگ آپس میں ملے ہوئے ہیں ،متاثرین کے مسائل کے لیے صرف زبانی جمع خرچ کرتے ہیں ،کراچی سے منتخب ہونے والے ایم این ایز اور ایم پی ایز کومسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے ،جماعت اسلامی کے ایم پی اے سید عبد الرشید سندھ اسمبلی میں متاثرین شیریں جناح کالونی کامقدمہ لڑیں گے،جماعت اسلامی متاثرین کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے آئینی ،قانونی اور جمہوری طریقے سے جدوجہد کرے گی، جماعت اسلامی عید الاضحی کے بعد کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ’’حق دو کراچی کو‘‘ کراچی تحریک کااگلا مرحلہ شروع کرے گی شہر بھر میں ایک زبردست تحریک چلائی جائے گی اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاپ کیپر ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تحت شیریں جناح کالونی میں آئل ٹرمینل کی منتقلی کے حوالے سے ایک بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے سے شاپ کیپر ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر منور حسین ، نائب امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ناظم علاقہ ذیشان احمد، ناظم حلقہ شیریں جناح کالونی زاہد اللہ ودیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی کے عوام تعلیم ،صحت جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ، اگر کراچی میں این جی اوز کام نہ کریں توعوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا ، سرکاری اسپتالوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے ،کراچی کے عوام کو جان و مال کا تحفظ میسر نہیں ،حکمران جب عوام کو سہولتیں فراہم نہیں کرسکتے تو کس قانون کے تحت عوام پر حکمرانی کرتے ہیں ، ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کے خلاف ایکشن لیا جائے یہ صرف ووٹ لینے کے لیے نظر آتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد کراچی کے عوام کا استحصال کرتے ہیں۔