مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے وفاقی وزرا کو چیلنج کر دیا

فواد چوہدری ہو یا کوئی وفاقی ‏وزیر پریس کانفرنس میں الیکٹرانک ووٹنگ میشن کا بتا دیں میں چیلنج کرتا ہوں ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جون 2021 10:37

مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے وفاقی وزرا کو چیلنج کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے وفاقی وزرا کو چیلنج کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ بل اسمبلی ‏سے پاس ہو گئے اس میں کوئی شک نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ یہ بل متنازع ہیں ‏پھر بھی منظور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کےذریعے الیکشن کمیشن سے اختیار لے کر نادرا کو ‏دے دیا گیا ای وی ایم کےذریعے ووٹرز کی ذاتی رائےعیاں ہوجائے گی اور خفیہ بیلٹنگ کا حق ختم ‏ہو جائے گا۔

محمد زبیر نے وفاقی وزرا کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ہو یا کوئی وفاقی ‏وزیر پریس کانفرنس میں الیکٹرانک ووٹنگ میشن کا بتا دیں میں چیلنج کرتاہوں ای وی ایم کے ‏ذریعے خفیہ بیلٹنگ کا حق ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھا کہ ماحول ٹھنڈا کرنے کے لیے ڈپٹی اسپیکر کےخلاف تحریک ہم نے واپس لی۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل شہباز گل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم الیکشن جیتیں یا ہاریں، انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔

انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر نہیں جانا چاہتے کیونکہ یہ دھاندلی کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ ایک بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو بھی اعتماد میں لیا گیا،مشین میں بیلٹ پیپر بھی موجود ہے تو گھبراہٹ کس بات کی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نےکہا کہ پارلیمنٹ کے علاوہ کسی کو قانون سازی کا اختیار نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو میڈیا سے پہلے ہم سے رجوع کرنا چاہیے تھا، الیکشن کمیشن کے تحفظات کو قانون،آئین اور الیکشن میں شفافیت کی نظر سے دیکھا جائے گا، بیرون ملک پاکستانیوں کوووٹ کا حق دینے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کا حق آرڈیننس اور قانون کے ذریعے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کسی پارٹی یا باڈی کا نہیں قوم کا مسئلہ ہے اس لیے سب کو سنیں گے۔