وزیر اعظم عمران خان کا امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار ، سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا

ٹویٹر سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ٹرینڈ AbsolutelyNot # ٹاپ پر ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جون 2021 13:35

وزیر اعظم عمران خان کا امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار ، سوشل میڈیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2021ء) : پاکستان نے افغانستان میں کارروائی کے لیے امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اور اس بات کا اعادہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو دئے گئے انٹرویو میں کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو دئے گئے انٹرویو میں اس حوالے سے دو ٹوک مؤقف اپنایا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کو کسی بھی صورت اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

صحافی نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آپ امریکہ کو افغانستان پر حملوں کیلئے اڈے دیں گے؟ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ AbsolutelyNot# یعنی بالکل بھی نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس جواب پر امریکی صحافی بھی ہکا بکا رہ گئے۔ امریکی صحافی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے دوبارہ سوال کیا کہ کیا واقعی آپ امریکہ کو اڈے نہیں دیں گے جس پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنا جواب دوہراتے ہوئے کہا کہ ہرگز نہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم عمران خان نے انٹرویو میں واضح کیا کہ افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
یہی وجہ ہے کہ آج صبح سے ہی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہیش ٹیگ AbsolutelyNot# ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔ ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار کیا۔

ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنا دو ٹوک مؤقف پیش کر دیا ہے۔ اس بیان کے بعد ہو سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرات لاحق ہو جائیں، لیکن انہوں نے امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار کر کے جرأت کا مظاہرہ کیا جو آج سے قبل کسی پاکستانی حکمران میں نہیں تھی، یہی وجہ تھی کہ امریکی صحافی بھی عمران خان کے اس کھرے جواب پر حیران ہوا۔

ٹویٹر پر کپتان کے فالوورز کا کہنا تھا کہ سپر پاور کو آنکھیں دکھانا، خان جیسے لیڈر کے لیے خطرے سے کم بھی نہ ہو گا، لیکن خان صاحب کا وعدہ تھا کہ میں اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔
ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ یہ نواز شریف ، پرویز مشرف اور آصف علی زرداری سے امریکہ کے ''ڈو مور'' کے مطالبے سے لے کر کپتان کے ''ہرگز نہیں'' تک کا سفر ہے۔

ایک اور صارف نے وزیراعظم عمران خان کی ویڈیو شئیر کی اور کہا کہ یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاکستان کو گذشتہ کئی دہائیوں سے ایسے ہی کسی بہادر لیڈر کی ضرورت تھی جو سپر پاورز کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ان کو انکار کر سکے نہ کہ خود ان کا غلام بنے اور قوم کو بھی ان کی غلامی کی ترغیب دے، عمران خان نے امریکہ کو انکار کر کے آج پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔