وزیراعلیٰ سندھ کا 21 جون سے پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ

28 جون سے مزارات ، تفریحی پارکس ، جم اور سوئمنگ پولز بھی کھل جائیں گے ،ویکسی نیشن مراکز صرف کل بند ہوںگے مجموعی طور پر تشخیصی شرح کم ہوگئی ہے لیکن صرف کراچی میں ہی 8.08 فیصد تشخیصی شرح ہے ،سید مراد علی شاہ کاٹاسک فورس اجلا س سے خطاب

ہفتہ 19 جون 2021 16:22

وزیراعلیٰ سندھ کا 21 جون سے پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہفتہ کے روز وزیراعلی ہاس میں انسداد کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 21 جون سے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 28 جون سے مزارات ، تفریحی پارکس ، جم اور سوئمنگ پول کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور ویکسین ڈوزز کی کمی کے باعث ویکسی نیشن مراکز صرف اتوار(آج)کو بند ہوں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ، ڈاکٹر عذرا فضل ، سعید غنی ، ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضی وہاب ، پارلیمانی سیکرٹری قاسم سراج سومرو ، چیف سکریٹری ، آئی جی پولیس ، اے سی ایس ہوم ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی کراچی ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی اور سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو ، سیکریٹری انڈسٹریز ریاض الدین ، ڈاکٹر باری ، ڈاکٹر فیصل ، ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر سارہ ، ڈاکٹر قیصر سجاد اور کور 5 ، رینجرز اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے ٹاسک فورس اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 18 جون کو 13970 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 542 کیسز کا پتہ چلا جوکہ 3.9 فیصد تشخیصی شرح بنتی ہے ۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مجموعی طور پر تشخیصی شرح کم ہوگئی ہے لیکن صرف کراچی میں ہی 8.08 فیصد تشخیصی شرح ہے۔ انہوں نے کہا جن اضلاع میں شرح کم ہے وہ یہ ہیں ضلع شرقی کی شرح 14 فیصد ، ضلع جنوبی 10 فیصد ، ضلع وسطی 9فیصد ، ضلع کورنگی اور ضلع ملیر 7فیصد اور سکھر میں بھی 7فیصد شرح پائی گئی ہے۔

اجلا س کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے شروع ہونے والے ایک ہفتہ کے دوران سندھ میں 82 اموات ہوئیں ان میں سے کراچی شرقی 25 اموات ، ضلع وسطی 25 ، ضلع کورنگی 8، ضلع جنوبی اور ضلع غربی میں 6اور سکھر 4ہلاکتیں ہوئیں۔ 3 سے 18 جون تک 263 مریض انتقال کرچکے ہیں ان میں 75 فیصد یعنی 151 وینٹی لیٹرز پر ، 19 فیصد یعنی 49 وینٹی لیٹر سے ختم اور 24 فیصد یعنی 63 گھروں میں ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح ٹرمینل پر اب تک 42532 مسافر آئے جن میں سے 95 کا ٹیسٹ کرنے پر انکا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک ویکسین کی 3243988 ڈوززموصول ہوچکی ہیں جن میں سے 2873857 استعمال ہوچکی اور صرف 370141 اسٹاک میں موجود ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے ویکسین کے دستیاب ذخیرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف اتوار (20 جون) کو تمام ویکسی نیشن مراکز بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ان کے محکمے کو آگاہ کردیا ہے کہ سپتونک ویکسین سندھ کو جون کے آخری ہفتے یا جولائی کے پہلے ہفتے میں فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 جون کو سائنوویک کی 15 لاکھ ڈوزز، کسینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ ڈوزز 23 جون کو فراہم کی جائیں گی۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اگلے ہفتے سے ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کیلئے کافی مقدار میں خوراکیں وصول کی جائیں گی۔

. وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹاسک فورس اراکین کے ساتھ مکمل گفتگو کے بعد 28 جون سے مزارات ، انڈور جیمز ، سوئمنگ پول اور تفریحی پارکس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے جیسے کچھ شرائط کو پورا کیا جاسکے۔ کوویڈ کی صورتحال کا 28 جون 2021 کو دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔