ایف بی آر آفیسر کو دئیے گئے گرفتاری کے اختیارات کی واپسی ہماری کاوشوں کا نتیجہ ہے‘ ناصر حمید خان

ہفتہ 19 جون 2021 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور پیاف کے سینئر وائس چیئرمین محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر آفیسر کو دئیے گئے گرفتاری کے اختیارات کی واپسی ہماری کاوشوں کا نتیجہ ہے، سب سے پہلے سیکشن 203اے کے خلاف ہم نے آواز بلند کی اور آئندہ بھی تاجر برادری کے حقوق کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کریں گے۔

ایک بیان میں محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ جونہی فنانس بل کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس کے لیے سیکشن 203اے متعارف کرایا گیا، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فوری طور پر حرکت میں آیا اور انہوں نے نہ صرف فوری طور پر اس کے خلاف آواز بلند کی بلکہ ذاتی طور پر اعلی حکومتی فورمز سے رابطہ کرکے سخت احتجاج کیا اور یہ گرفتاری کے اختیارات واپس لینے کا مطالبہ کیاجس پر وزیر خزانہ شوکت ترین نے آمادگی ظاہر کردی ہے۔

(جاری ہے)

محمد ناصر حمید نے کہا حکومت کو اس چیز کا ادراک ہونا چاہیے کہ تاجر برادری کو عزت و احترام دئیے بغیر ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور حکومتی ریونیو میں اضافہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی پالیسیاں تشکیل دینی چاہئیں جو دوستانہ کاروباری ماحول پیدا کریں، تاجر برادری کا حکومت پر اعتماد بڑھے جس سے معیشت کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غیرمنطقی مشوروں پر عمل درآمد کرنے کے بجائے ٹریڈ اور انڈسٹری سے متعلق تمام پالیسیوں پر تاجر برادری کو اعتماد میں لے تاکہ باہمی مشاورت سے کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر جس طرح ایف بی آر آفیسرز کو تاجروں کی گرفتاری کے اختیارات واپس لیے گئے ہیں اسی طرح دیگر کاروباردشمن شقیں بھی فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ کاروبار پھلیں پھولیں جنہیں کرونا نے بہت بھاری نقصان پہنچایا ہے۔