بلوچستان کا مثالی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ اوروزیر خزانہ مبارکباد کے مستحق ہیں ،ثوبیہ کرن کبزئی

اپوزیشن نے بجٹ اجلاس کے موقع پر احتجاج کے دوران صوبے کی تاریخی اور شاندار روایات کو پامال کیا

ہفتہ 19 جون 2021 19:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی خواتین ونگ کی رہنما و سابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی نے بلوچستان کا آئندہ مالی سال2021-22کا مثالی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزیر خزانہ ظہوراحمد بلیدی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں تعلیم ،صحت ، پینے کے صاف پانی ،امن و امان سمیت شعبوںکیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے ،اپوزیشن نے بجٹ اجلاس کے موقع پر احتجاج کے دوران نہ صرف صوبے کی تاریخی اور شاندار روایات کو پامال کیا بلکہ جمہوری روایات کا بھی جنازہ نکال دیاجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ثوبیہ کرن کبزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبے میں بلو چستان عوامی پارٹی کی مخلوط حکومت نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کا بیڑہ اٹھارکھا ہے آئندہ مالی سال 2021-22کے بجٹ میں 346ارب روپے ترقیاتی پروگراموں کیلئے رکھے گئے ہیں جس سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور لوگوں کو تعلیم ،صحت ،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مددملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، صوبائی وزیر خزانہ میرظہور بلیدی اورا نکی ٹیم کو مثالی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے موقع پراپوزیشن نے احتجاج کے دوران صوبے کی مثبت روایات کا پامال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔