نوجوان پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ظفربختاوری

حکومت برابری کی بنیاد پرمراعات دے،ایس ایم منیر،اسلام آباد صنعتی زون سے ایم او یوپردستخط کرینگے،سلیم الزماں کاٹی کے ظہرانے میں ملک سہیل حسین،اختیار بیگ،مسعودنقی،چوہدری زاہد اقبال،ذکی شریف،نگہت اعوان کا خطاب

ہفتہ 19 جون 2021 19:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سیکریٹری جنرل ظفربختاوری نے کہا ہے کہ یو بی جی کے تمام ممبران اور کورکمیٹی اراکین نے ملک بھر میں بزنس کمیونٹی کے نمائندگان سے رابطوں کو تیزکردیا ہے،بزنس کمیونٹی کو پانی،بجلی اور گیس کے مسائل درپیش ہیں اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کی قیادت ملک کے دیگرصنعتی زونز کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں،ملک کے نوجوان بزنس مین پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور یو بی جی کے قائدین ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک نوجوانوں کوآگے لاکر انکی رہنمائی کررہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارجمعرات کو کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر سلیم الزماں اورسرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی جانب سے اپنے اورچیف کوآرڈینیٹریو بی جی ملک سہیل حسین اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی چوہدری زاہد اقبال کے اعزاز میں دیئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،صدر کاٹی سلیم الزماں،ملک سہیل حسین، چوہدری زاہد اقبال، مسعودنقی،اختیار بیگ،ذکی شریف،نگہت اعوان نے بھی خطاب کیا جبکہ معروف بزنس مین راشداحمدصدیقی،فرخ مظہر،دانش خان،ایس ایم یحییٰ،فراز الرحمان،اکرام راجپوت، جنید نقی، ماہین سلمان، اسلام باغپتی،احتشام الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔

ظفربختاوری نے کہاکہ نوجوان اس ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں نوجوانوں کاکاروباری فیلڈ میں آنا معاشرے کیلئے خوش آئند بات ہے اس سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہو گا ہماری خدمات ہمیشہ نوجوانوں کیلئے وقف رہیں گی۔ہماری پوری ٹیم نوجوانوں کی ہر پلیٹ فارم پر معاونت جاری رکھے گی۔ ایس ایم منیر نے اس موقع پر کہا کہ کاٹی کے ممبران اگر کوئی مسئلہ ہماری ایسوسی ایشن میں لائیں تو ہم جان نہیں چھڑاتے بلکہ اس مسئلے کے حل کیلئے مکمل کوششیں کرتے ہیں،کاٹی میں40کمیٹیاں کام کررہی ہیں جبکہ زبیرچھایا کی سربراہی میں ایک مضبوط ٹیم کائیٹ لمٹیڈ بھی صنعتی علاقے کی ترقی کیلئے سرگرم ہے،اسلام آباد صنعتی زون کی انتظامیہ کاٹی کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنا چاہے تو وہ کاٹی کے صدر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

ایس ایم منیرنے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو برابری کی بنیاد پر سہولیات ومراعات دے،فاٹا اورپاٹا میں زیادہ مراعات دے کر ملک بھرمیں صنعتوں کوتباہی سے دوچار نہ کیاجائے ۔انہوں نے ملک سہیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ یو بی جی کا سرمایہ ہیں اورلیگل ایشوز پر موثر انداز سے کام کررہے ہیں۔ملک سہیل حسین نے کہا کہ اسلام آباد صنعتی زون اورکاٹی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کریں اور ایک دوسرے کے زونز کا دورہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کرپشن ڈیولپمنٹ ادارہ بن چکا ہے جو مسئلوں کے حل کے بجائے انہیں مزید گھمبیر بنا رہا ہے۔صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا کہ کورنگی کا صنعتی علاقہ5ہزار سے زائد صنعتوں کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا صنعتی زون ہے،یہاں تین بڑی آئل ریفائنریز کام کررہی ہیں جہاں سیملک کے مجموعی ڈیمانڈ میں سی70فیصد آئل مہیا کیا جارہا ہے، کاٹی زون میں فارماسیوٹیکل کی بڑی کمپنیاں،فوڈ سیکٹر کی دنیا بھر میں مقبول ترین کمپنیاں اور ڈیری سیکٹر کی کمپنیاں موجود ہیں جبکہ لیدر بزنسنس کیلئے پوراایک سیکٹر 7A کام کررہا ہے،ٹیکسٹائل کے ٹاپ 10 ایکسپورٹرز میں سی8کا تعلق کراچی سے ہیں اور ان میں سی6کورنگی صنعتی زون میں موجود ہیں،ہمارا یہ علاقہ قومی خزانے میں روزانہ600ملین روپے جمع کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ممبران کو سہولیات مہیا کرتے ہیں اور ایس ایم منیر کی سرپرست میں ہمارے ممبران کا کاٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔بعد ازاں کاٹی کے صدر سلیم الزماں اورسرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے ظفربختاوری،ملک سہیل حسین اورچوہدری زاہد اقبال کو شیلڈ پیش کیں جبکہ دیگر مہمانوں کو بھی پھول پیش کئے گئے۔