مسلم لیگ (ن) میں ایسا طبقہ بھی ہے جو چاہتا ہے اسمبلی نہ چلے ‘شفقت محمود

بلاول زرداری کہتا ہے گدھوں اور گھوڑوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، مریم اور شہباز شریف کے درمیان سخت جنگ جاری ہے ن) لیگ دور کے ثمرات دیکھنا ہیں تو آپ لندن جا کر دیکھیں‘ وفاقی وزیر تعلیم کی الحمرا آرٹ میوزیم میںمیڈیا سے گفتگو

ہفتہ 19 جون 2021 20:17

مسلم لیگ (ن) میں ایسا طبقہ بھی ہے جو چاہتا ہے اسمبلی نہ چلے ‘شفقت محمود
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں ایسا طبقہ بھی ہے جو چاہتا ہے کہ اسمبلی نہ چلے ،عمران خان کی پہلی تقریر پر بھی ایسا کیا گیا ،بلاول زرداری کہتا ہے کہ گدھوں اور گھوڑوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، مریم اور شہباز شریف کے درمیان سخت جنگ جاری ہے ،(ن) لیگ دور کے ثمرات دیکھنا ہیں تو آپ لندن جا کر دیکھیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے الحمرا آرٹ میوزیم میںنامور آرٹسٹ عائشہ شاہ نواز کے بنائے ہوئے سکپچرکی نمائش کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ شفقت محمودنے کہا کہ (ن) لیگ میں ایک گروپ لندن والے کے کہنے پر چلتا ہے ،شہباز شریف بیماری کا کہہ کر بیرون ملک جانا چاہتا تھے لیکن وہ تقریر چار گھنٹے تک کرتے ہیں ،بڑا بھائی بھی لندن جا کر ٹھیک ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے ،اپوزیشن کی دھینگامشتی جاری ہے ۔۔شفقت محمود نے بلوچستا ن میں پوشیدہ تہذبیوں کے اظہار پر مبنی مجسمہ دیکھا اور اس میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔شفقت محمود نے الحمرا آرٹ میوزیم میں عالمی شہرہ آفاق آرٹسٹوں کے فن پارے بھی دیکھے۔شفقت محمودنے کہا کہ الحمرا اپنے ثقافتی اظہار کامثالی ادارہ ہے،ہماری سرزمین عظیم تہدبیوں کی آماجگاہ ہے،ہمیں اپنے ورثے کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی ہے،حکومت نے اپنی زبان و ادب اور تہذیب و ثقافت کی ترویج وترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ عائشہ شاہ نواز بے حد محنت کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہیں، انہوںنے اپنے کام میں آثارقدیمہ کے رازوں سے پردہ اٹھایا ہے، اس سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ثقافتی پہچان ملے گی۔انہوںنے کہا کہ یہ مجسمہ بلوچستان کے کلچر کی عکاسی کرتا ہے ،ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ آرٹ کونسل کو مزید بہتر کریں،کسی بھی معاشرے کا کلچر اس کی ترجمانی کرتا ہے۔