Live Updates

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا (ن) لیگ کی سیاسی موت ہے ‘فردوس عاشق

وزیراعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرواکر غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ہے بے نظیر کی تربیت حاصل کرنے والے پرچی شہزادے سے ایسی زبان کی توقع نہیں رکھتے ‘معاون خصوصی کی پریس کانفرنس

ہفتہ 19 جون 2021 20:17

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا (ن) لیگ کی سیاسی موت ہے ‘فردوس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرواکر آزادانہ،شفاف اورمنصفانہ الیکشن کی بنیاد رکھی ہے -عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نے جو آزاد اور شفاف الیکشن کا نعرہ لگایا تھااس کی عملی شکل الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے نظر آرہی ہے -ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کا صرف نعرہ لگایا لیکن عمران خان نے اس کو تعبیر دی - ان خیالات کااظہار معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا - ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے ووٹ چوری کا عمل روکنے میں مدد ملے گی اور شاہی خاندان کی دوکان ہمیشہ کے لئے بند ہوجائے گی - جدید ٹیکنالوجی سے ن لیگ کے روایتی جعلی ووٹ ڈالنے کا عمل رک جائے گا -ن لیگ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے - معاون خصوصی نے کہاکہ جعلی ارسطو اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننے کیلئے ہمیشہ میدان میں آجاتے ہیں -ن لیگ جانتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیو ں کو ووٹ کا حق دینا سیاسی طو رپر ان کی موت ہے - میں جعلی ارسطو سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ اگر اوورسیز پاکستانی سیاسی عمل میں حصے دار بننے کے اہل نہیں اور ووٹ نہیں ڈال سکتے تو آ پ لندن میں بیٹھے ظل سبحانی کے اشاروں پر کیوں چلتے ہیں -ن لیگ اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ سے ڈرتی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو اپنا مسیحا سمجھتے ہیں اور ان کے دل عمران خان کے ساتھ دھڑکتے ہیں -انہو ں نے کہاکہ لاغر معیشت کو اوورسیز پاکستانیوں نے سہارا دیا ہے اور وہ قیمتی زر مبادلہ پاکستان بھیج کر اجڑی ہوئی معیشت کو آکسیجن فراہم کررہے ہیں - اوورسیز پاکستانی لازوال محبت کا ثبوت دیتے ہوئے زرمبادلہ بھیج رہے ہیں اور انہیں ووٹ کا حق عمران خان نے دے دیاہے - ڈاکٹر فردو س نے کہاکہ پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کیلئے 189 بلین کا علیحدہ بجٹ پنجاب حکومت نے پیش کیا -پی ٹی آئی کی حکومت نے سرائیکی وسیب کو ترقی کے عمل میں حصہ دار بناتے ہوئے سوتیلی ماں کا سلوک ختم کردیا ہے - حکومت ایک کھرب سے زائد بجٹ ہیلتھ پر خرچ کررہی ہے - ہیلتھ کارڈ جیسے منصوبے عوام کے دکھوں کا ازالہ کرنے میں معاونت فراہم کریں گے -پی ٹی آئی نے موروثی سیاست کو باہر پھینک کر پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کا بیڑہ اٹھایاہے - ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہاکہ بے نظیر کی تربیت حاصل کرنے والے پرچی شہزادے سے ایسی زبان کی توقع نہیں رکھتے -چیف جسٹس نے سندھ حکومت کی کارکردگی بتا کر عوام کی آنکھوں سے پردہ ہٹا دیاہے -تھر کے بچے آج بھی پانی کی بوندبوند کو ترس رہے ہیں -پرچی شہزادے کی نظرکرم سندھ کی عوام کی طرف کب اٹھے گی - قد سے بڑی باتیں کرنا ان کو زیب نہیں دیتا - ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہاکہ کفایت شعاری لیڈر شپ سے شروع ہوتی ہے اور وزیراعلی آفس میں اپنے دفتر سے اس کا آغاز کیاہے - سابقہ ادوار کی نسبت وزیراعلی آفس اخراجات میں 55 فیصد سے 60 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات