وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مردان میں سوات کینال کے سائیڈ وال ٹوٹنے کے واقعہ کا نوٹس

ہفتہ 19 جون 2021 20:33

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مردان میں سوات کینال کے سائیڈ وال ٹوٹنے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مردان میں کاٹلنگ کے قریب سوات کینال کے مچئی برانچ پر سائیڈ وال ٹوٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام کو نہر کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ آبپاشی نے ضروری مشینری اور دیگر سامان مذکورہ مقام پر پہنچا کر بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء محکمہ ریلیف اور آباد کاری نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے نہر کی بحالی تک ضلع مردان میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے سوات کینال کے مچئی برانچ کی حفاظتی دیوار ٹوٹ گئی تھی جسے ضلع مردان کے مختلف علاقوں میں فصلوں کو آبپاشی کی پانی کی فراہمی کا سلسلہ متاثر ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری آبپاشی کو بحالی کے کام کی بذات خود نگرانی کرنے اور متاثرہ نہر کی بحالی کو کم سے کم ممکنہ وقت میں یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :