خیبرپختونخوا میں قانون سازی کے حوالے سے خواتین ممبران صوبائی اسمبلی کا اجلاس

ممبران اسمبلی نے مختلف نوعیت کے قوانین میں بہتری اور نئے قوانین متعارف کرانے میں پورے دلجمعی سے کام کیا ہے، محمود جان

ہفتہ 19 جون 2021 20:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) خیبرپختونخوا میں قانون سازی کے حوالے سے خواتین ممبران صوبائی اسمبلی کی سوات میں اہم نشست، ڈپٹی سپیکر محمود جان کی بطور مہمان خصوصی شرکت، خواتین و بچوں کے حقوق، گھریلو تشدد کی روک تھام، کم عمری کی شادی، گھروں میں کام کرنے والے ملازمین اور وراثتی حقوق، ویمن ٹریفکنگ اور دیگر اہم امور کے حوالے سے قانون سازی میں پیشرفت کا جائزہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں قانون سازی کے عمل سے جڑے ہوئے مختلف کمیٹیوں کی کارکردگیوں کا جائزہ لینے اور ضرورت کے مطابق نئی کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے صوبائی اسمبلی کی خواتین ممبران کا دو روزہ اجلاس سیدوشریف میں منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ممبران نے شرکت کی اور کمیٹیوں کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی و پیٹرن انچیف ویمن پارلیمنٹری کاکس محمود جان مہمان خصوصی تھے۔اجلاس کی صدارت چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس نے کی۔ اجلاس میں موجودہ کمیٹیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نئی کمیٹیوں کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔

کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خواتین و بچوں کے حقوق، گھریلو تشدد کی روک تھام، چائلڈ میرج، گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کے حقوق، وراثتی حقوق، ویمن ٹریفکنگ اور دیگر اہم امور کے حوالے سے قانون سازی میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر محمود جان کا کہنا تھا کہ خواتین ممبران اسمبلی نے مختلف نوعیت کے قوانین میں بہتری اور نئے قوانین متعارف کرانے میں پورے دلجمعی سے کام کیا ہے جسکا نتیجہ یہ ہے کہ بہت سے پیچیدہ امور کے حوالے سے قانون سازی یا تو کرلی گئی ہے یا پھر قانون سازی کا عمل تکمیل کے مراحل میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے وژن کے مدنظر ضرورت کو دیکھتے ہوئے نئے قوانین بھی متعارف کرنے جارہے ہیں تاکہ کوئی بھی طبقہ قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات سے دوچار نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی نے پچھلے سالوں میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور اس سلسلے میں ارکان اسمبلی بھرپور محنت کررہے ہیں۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیرا شمس نے تمام خواتین ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اجلاس میں نہ صرف شرکت کی بلکہ بھرپور تجاویز بھی پیش کیں۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی نے اپنی اپنی کمیٹیوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور کارکردگی بارے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کل بھی جاری رہے گا۔