کالعدم تحریک لبیک کو آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

الیکشن کمیشن کی جانب سے کالعدم ٹی ایل پی پر انتخابات میں حصہ لینے پر عائد پابندی کے حوالے سے وضاحت کر دی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 جون 2021 22:04

کالعدم تحریک لبیک کو آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2021ء) کالعدم تحریک لبیک کو آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کالعدم ٹی ایل پی پر انتخابات میں حصہ لینے پر عائد پابندی کے حوالے سے وضاحت کر دی گئی۔ محکمہ داخلہ آزادکشمیر کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان پر انتخابات لڑنے کی پابندی کو الیکشن کمیشن نے بیجا مداخت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک لبیک پر تاحال سپریم کورٹ سے پابندی نہیں لگوائی گئی۔ جبکہ کالعدم ٹی ایل پی مرکزی ناظم اعلیٰ آزادکشمیر علامہ عبدالرئوف نظامی نے بھی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل کالعدم تحریک لبیک پر آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے عائد کی گئی تھی۔ بتایاگیا کہ کالعدم تنظیم پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ 201 کے تحت لگائی گئی ہے، جس کے بعد تحریک لبیک کو کسی بھی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے اپریل میں پاکستان بھر میں اس تنظیم کے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی تھی ، مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پُرتشدد مظاہروں اور احتجاج کے بعد حکومت پاکستان نے اپریل میں تنظیم کو کالعدم قرار دیتے ہونئے اس پر 1997ء کے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک لبیک کے خلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی ، کارروائی تب کی گئی جب انہوں نے ریاست کی رٹ کوچیلنج کیا ، ملکیوں اور غیر ملکیوں کو ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں ، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ، اسی لیے تحریک لبیک کے خلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی ، کیوں کہ تحریک لبیک کے لوگوں نے سڑکوں پرتشدد مظاہرے کیے ، تحریک لبیک کے لوگوں نے عوام اور قانون نافذ کرنے والوں پرحملہ کیا ، اس لیے کارروائی تب کی گئی جب انہوں نے ریاست کی رٹ کوچیلنج کیا۔