حوثی ملیشیا کا الحدیدہ بندرگاہ پرگندم اتارنے کی اجازت دینے سے انکار

ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے جہاز گلوریس سی سے گندم اتارنے سے روک دیا،یمنی حکومت

اتوار 20 جون 2021 11:50

حوثی ملیشیا کا الحدیدہ بندرگاہ پرگندم اتارنے کی اجازت دینے سے انکار
صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) یمنی حکومت نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ورلڈ فوڈ پروگرام سے وابستہ گندم کے جہاز کو الحدیدہ بندرگاہ پرگندم اتارنے سے روک دیا جس کے بعد گندم بردار بحری جہازکو وہاں سے دوسری بندرگاہوں کی طرف منتقل ہونا پڑا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی حکومت نے ایک بیان میں کہاکہ حوثی ملیشیا کے انسانی امدادی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو اپنے قبضے کی سازش کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے اپنے ٹویٹر پیج پر ٹویٹس میں کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے جہاز گلوریس سی سے گندم اتارنے سے روک دیا۔ اس پر بارہ ہزار پانچ سو ٹن گندم لادی گئی ہے۔ یہ گندم یمن میں جنگ زدہ عوام کے لیے عالمی ادارہ خوراک کی طرف سے بھیجی گئی ہے۔الاریانی نے مزید کہا کہ یہ کارروائی حوثی دہشت گرد ملیشیا کی غربت اور افلاس کی پالیسی کی تصدیق کرتی ہے۔اس سے انسانی المیہ اور اس کے زیر اقتدار علاقوں میں بسنے والے لاکھوں بے گھر لوگوں کے حالات زندگی سے لاتعلقی کا واضح ثبوت ہے۔