پانی ذخیرہ کرنے کے مثبت نتائج آنے لگے ، وزیراعظم

لاہور میں پانی کی سطح کم ہونے سے روک دی گئی ، پنجاب حکومت نے 1980 کے بعد پہلی دفعہ پانی کی سطح کم ہونے سے روکی۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 11:56

پانی ذخیرہ کرنے کے مثبت نتائج آنے لگے ، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کے مثبت نتائج آنے لگے ہیں ، پنجاب حکومت نے 1980 کے بعد پہلی دفعہ پانی کی سطح کم ہونے سے روک دی۔ تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے لاہور میں پانی کی سطح کم ہونے سے روک دی ہے ، 1980 کے بعد پنجاب حکومت کی طرف سے پہلی دفعہ پانی کی سطح کم ہونے سے روکی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے اہداف پر کام کیا اور بہترین پالیسی اپنائی ، پالیسی میں ری سائیکلنگ، نئے ایکوا فائر چارجز اور بارش کا پانی ذخیرہ کرنا شامل ہے۔
دوسری طرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارشوں کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے عمارتوں میں کنواں بنانا لازمی قرار دے دیا گیا، بارش کے پانی کوکھیتی باڑی کے لیے ذخیرہ کر نا پبلک سیکٹر عمارتوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش کے پانی کو ہارویسٹ کرنا پبلک سیکٹر عمارتوں کے لیے لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، جس کے تحت پبلک سیکٹر کی عمارتوں میں بارش پانی کی ہارویسٹنگ کے لیے زیر زمین پانی کے کنویں رکھنے ہوں گے ، بارش کا پانی کنویں میں محفوظ کرنے سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگی ، بارش کا پانی کنویں میں جاکر قدرتی عمل کے ذریعے فلٹر ہوکر قابل استعمال بن جائے گا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سی ڈی اے نے شہر کو سرسبزوشاداب شہر بنانے کے لیے نیا قانون پاس کیا ہے جو فوری لاگو ہوگا ، جس کے تحت سی ڈی اے نے تمام پلاٹ مالکان کیلئے سائز کے مطابق پودے لگانے کی لازمی حد بھی مقرر کردی ہے ، 5 مرلے والے مالک مکان کو ایک درخت لگانے کا پابند بنایا جائے گا جب کہ 10 مرلے والے مکان کے مالک کیلئے 2 درخت لگانا لازمی ہوگا ، اس کے علاوہ 500 مربع گز والے افراد 4 اور 1000 مربع گزوالے 6 درخت لگانے کے پابند ہوں گے۔