رواں سال مِنی میں حجاج کی رہائش کے لیے 6 ٹاور اور 70 خیمے مختص

حجاج کرام کی سلامتی اور تحفظ اور کرونا کی روک تھام یقینی بنانے کے لیے حفاظتی تدابیر کا انتظام کیا جا رہا ہے،انتظامیہ

اتوار 20 جون 2021 12:40

رواں سال مِنی میں حجاج کی رہائش کے لیے 6 ٹاور اور 70 خیمے مختص
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال عازمین حج کی رہائش کے لیے مِنی میں 6 ٹاور اور 70 خیمے مختص کردیئے ۔ حجاج کرام کی سلامتی اور تحفظ اور کرونا وائرس کی روک تھام یقینی بنانے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا انتظام کیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق قومی کمیشن برائے حج و عمرہ کے رکن ہانی العمیری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال فی حاجی مختص رقبے کو گذشتہ برسوں کے مقابلے میں بڑھا دیا گیا ہے۔

منی کے ٹاور میں ہر حاجی کے لیے 4.37 مربع میٹر جگہ مختص ہو گی۔ منی کے خیمے میں ہر حاجی کے لیے 4 مربع میٹر کی جگہ مختص ہو گی جب کہ منی کے خصوصی پیکج میں ہر حاجی کے لیے 5.33 مربع میٹر کی جگہ مختص ہو گی۔

(جاری ہے)

خیموں اور ٹاوروں میں حجاج کرام کی آمد و رفت کے عمل کو منظم رکھنے کے لیے سیکورٹی گارڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس دوران میں مناسک حج کے پانچ روز حجاج کرام کے درجہ حرارت کی جانچ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ مِنی کا مقام مکہ مکرمہ اور مزدلفہ کے بیچ حدود حرم کے اندر واقع ہے۔ یہ مسجد حرام کے شمال مشرق میں 7 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ منی کے شمالی اور جنوبی جانب پہاڑیاں ہیں۔ مکہ مکرمہ کی سمت میں جمرہ العقبہ واقع ہے اور مزدلفہ کی سمت وادی محسر واقع ہے۔