گورنر پنجاب نے صوبے میں 1538 منصوبوں کا اعلان کردیا

پنجاب کے 9 ڈویژن میں ان منصوبوں پر 5500 ملین روپے خرچ ہوں گے ، ہم ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر یقین نہیں رکھتے، ’آب پاک‘ کے منصوبوں میں کسی کو ایک روپے کا بھی کمیشن لینے اور دینے نہیں دوں گا۔ چوہدری سرور کی صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 15:23

گورنر پنجاب نے صوبے میں 1538 منصوبوں کا اعلان کردیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے صوبے میں 1538 منصوبوں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ایک ہزار 538 منصوبوں کا اعلان کردیا ، انہوں نے یہ اعلان صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں کیا ، اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ پنجاب کے 9 ڈویژن میں ان منصوبوں پر 5500 ملین روپے خرچ ہوں گے ، آب پاک کے منصوبوں میں کسی کو ایک روپے کا بھی کمیشن لینے اور دینے نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈا نہیں وہ ملکی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں ، مخالفین سیاسی مجبوری کی وجہ سے حکومتی منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ہم ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر یقین نہیں رکھتے، مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کریں گے ، صوبے بھر میں بغیر کسی سیاسی تفریق کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے ، اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بھی عوام کو صاف پانی دیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے لاہور میں صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا ، جس میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری اور مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت صوبائی وزراء نعمان لنگڑ یال ، فیاض الحسن چوہان ، عنصر مجید نیازی ، اجمل چیمہ ، ظہیر الدین ، میاں محمود الرشید، حسین جہانیاں گردیزی ، ڈاکٹر اختر ملک اور میاں خالد محمود نے شرکت کی ، جہاں چیئرمین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل نے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کو منصوبوں پر بریفنگ دی، ڈپٹی اسپیکر، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی کار کردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔