نازیبا ویڈیو اسکینڈل ، مفتی عزیزالرحمان کے تینوں بیٹوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا

مفتی عزیز کے بیٹوں پر مدعی صابر شاہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 15:38

نازیبا ویڈیو اسکینڈل ، مفتی عزیزالرحمان کے تینوں بیٹوں کو بھی گرفتار ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) نازیبا ویڈیو اسکینڈل اور لاہور کے مدرسے میں طالب علم سے جنسی زیادتی کے ملزم مفتی عزیزالرحمان کے تینوں بیٹوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی اے شعیب جانباز نے بتایا ہے کہ مقدمے میں نامزد مفتی عزیز الرحمٰن کے تیسرے بیٹے لطیف الرحمان کو بیدیاں روڈ سے گرفتار کیا گیا جب کہ مفتی عزیز الرحمٰن کے 2 بیٹوں میں سے ملزم عتیق الرحمان کو کاہنہ میں واقع مدرسے سے گرفتار کیا گیا ، اس کے علاوہ مفتی عزیز الرحمان کے ایک اور بیٹے الطاف الرحمان کو لکی مروت سے گرفتار کیا۔

ایس ایس پی سی آئی اے کہتے ہیں کہ مفتی عزیز الرحمان اور ان کے بیٹوں کے خلاف طالب علم صابر شاہ نے مقدمہ درج کرایا ، مفتی عزیز کے بیٹوں پر مدعی صابر شاہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے ، تاہم مقدمے میں نامزد ان کے ایک اور ساتھی عبداللّٰہ کی تلاش تاحال جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے طالب علم سے بد فعلی اور نازیباویڈیو اسکینڈل کیس میں ملوث ملزم مفتی عزیزالرحمان کو پولیس نے گرفتارکیا ، مفتی عزیزالرحمان کو بیٹے سمیت صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی سے گرفتار کیا گیا کیوں کہ ملزم مفتی عزیزالرحمان پر ایک طالبعلم سے جنسی زیادتی کا الزام ہے ، جس کی بناء پر مفتی عزیز الرحمان، ان کے بیٹوں اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، جس کے بعد پولیس نے گزشتہ روز لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپا مارا لیکن وہ وہاں سے پہلے ہی فرار ہوچکے تھے تاہم اب مفتی عزیزالرحمان کو بیٹے سمیت میانوالی سے گرفتار کرلیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ مفتی عزیز الرحمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 377 اور دفعہ 506 کے تحت مقدمہ درج تھا جس کی پاداش میں مدرسے میں طالب علم کے ساتھ غیر اخلاقی عمل کرنے والے مفتی عزیز الرحمن کو عمر قید کی سزا ہونے کا امکان ہے ، مفتی عزیز الرحمن کے خلاف درج مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 377 لگائی گئی ہے جو غیر فطری فعل کے متعلق ناقابل ضمانت جرم ہے اور اس کی سزا عمر قید یا دس برس قید اور جرمانہ ہے ، دوسری دفعہ 506 ہے جو دھمکی دینے کے متعلق ہے اور اس کی سزا دو سال تک کی سزا یا جرمانہ دونوں ہیں ، اگر دھمکی جان سے مارنے کی ہو تو سزا سات برس تک ہو سکتی ہے۔