Live Updates

ڈیرہ اللہ یار،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی کے والد کے نام سے منسوب شہید مراد کالونی دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم

اتوار 20 جون 2021 16:45

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی کے والد کے نام سے منسوب شہید مراد کالونی دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے علاقہ مکین پتھر کے زمانے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ڈیرہ اللہ یار کی گنجان آبادی کی کالونی میں بجلی گیس پینے کے صاف پانی سمیت پختہ گلیاں اور نکاسی آب کی نالیاں بھی نہیں بارش کی چند بوندیں گرتے ہی گلی محلے جوہڑ بن جاتے ہیں اور شہری کئی روز تک بارش کے پانی اور کیچڑ میں آمدورفت کرتے ہیں گرمیوں کے دوران شہید مراد کالونی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 سے 20 گھنٹے تک ہوجاتا ہے سردیوں میں گیس کی کمی کا رونا علاقہ مکینوں کا نصیب بن چکا ہے شہید مراد کالونی میں پینے کے پانی کا بحران بھی سال بھر جاری رہتا ہے مرد خواتین اور بچے آج بھی گھریلو برتن اور گیلن اٹھائے پانی کے لیے سرگرداں ہیں شہید مراد کالونی کے مکینوں آصف فیروز لاشاری، آصف علی کٹبار، آفتاب علی تنیو، حیدر علی لاشاری، بہادر علی خاکی و دیگر کا کہنا ہے کہ ہر دور میں شہید مراد کالونی کو نظرانداز کیا جاتا ہے الیکشن کے دوران امیدوار گلی گلی اور گھر گھر جاکر عوام کو بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنے کے بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں کامیاب ہونے کے بعد سالہا سال پلٹ کر حال تک نہیں پوچھتے دور جدید میں جہاں دنیا چاند پر پہنچی ہے شہید مراد کالونی کے مکین پینے کے صاف پانی بجلی اور گیس کی نعمت سے محروم ہیں گلیوں میں سیوریج کا گندا پانی جمع ہو کر جوہڑ کا منظر پیش کرتا ہے انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی کو متعدد بار شہید مراد کالونی پر توجہ دینے کی گزارش کر چکے ہیں تاہم ہر بار جھوٹے دلاسے دیکر بچوں کی طرح بہلایا جاتا رہا ہے علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہید مراد کالونی کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بھی دیگر محلے کے مکینوں کی طرح زندگی بسر کرسکیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات