وفاقی وزراء کراچی میں آکر سندھ حکومت کو برا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں،وزیراطلاعات سندھ

پی ٹی آئی کی حکومت نے گالم گلوچ ، بدتمیزی اوربداخلاقی کی سیاست کی بنیاد ڈالی، فواد چوہدری سندھ میں آکر وزیراعلی سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں، فوادچوہدری کے بیان پر ردعمل

اتوار 20 جون 2021 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) سندھ کے وزیراطلاعات وبلدیات سید ناصرحسین شاہ نے وفاقی وزیرفواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی وزراء کراچی میں آکر سندھ حکومت کو برا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت نے گالم گلوچ ، بدتمیزی اوربداخلاقی کی سیاست کی بنیاد ڈالی ہے،فواد چوہدری جب زرداری صاحب کے خلاف بیان دیتا ہے تو میں بہت حیران ہوتاہوں،فواد چوہدری صدر زرداری کے ہائوس کا طواف کرتا تھا کہ کوئی پوزیشن مل جائے،صدر زرداری نے فواد چوہدری کو پارٹی میں عزت دی اور سیاست میں روشناس کرایا۔

اتوارکو جاری بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ زرداری صاحب اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی دیکھ کر فواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خواب دیکھ رہا ہے۔اگلے الیکشن میں ہجرتی پرندوں کی طرح فواد چوہدری پھر کسی اور پارٹی میں ہجرت کرے گا۔انہوں نے کہاکہ نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے ۔

اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اور کرائے کے ترجمان بھاگ کر اپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے،انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری سندھ میں آکر وزیراعلی سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں۔فواد چوہدری حلفیہ بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیراعلی سب سے بہترہے۔فواد چوہدری کو اگر فنڈز کی مانیٹرنگ کرنی ہے تو جاکر کے پی کے میں کریں۔

کے پی کے میں بی آرٹی اور مالم جبہ کی کرپشن فواد کو نظر نہیں آتی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ پنجاب میں رنگ روڈ ، چینی چوری ، گندم اسکینڈل اور شراب کے پرمنٹس کی کرپشن فواد کونظر نہیں آتی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے سندھ میں کرپشن کرنے کے لیے اپنے ایم پی ایز کو ڈائریکٹ فنڈز دیئے ہیں۔سندھ میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز وفاقی فنڈنگ پر چھوٹے چھوٹے منصوبوں میں کرپشن کررہے ہیں۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہاکہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے وفاقی حکومت نے ارسا کو ناکارہ بنا دیا ہے۔فواد چوہدری سندھ میں پانی کی چوری کا الزام لگاکر مسئلے کو کئی اور لے جانا چاہتے ہیں۔سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرتاہے اس حساب سے نیازی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری اس وجہ سے زیادہ زبان درازی کررہے ہیں تاکہ فردوس آپا دوبارہ نہ آجائیں۔

فواد بھائی تھوڑی ڈیسینسی ، تھوڑے لحاظ اور اخلاقیات کا مظاہرہ کیا کریں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ فواد کہتا ہے کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت نافذ ہے۔اصل میں فواد نے عمران کی آمریت دیکھی ہے اسی لیے ان کو ہر جگہ آمریت نظر آتی ہے۔فوادچوہدری آرٹیکل 144 کی بات کرتے ہیں ۔فواد چویدری کو معلوم ہونا چاہیے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو ان کی میعاد مکمل ہونے دی ۔صوبائی وزیراطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو سیاسی ،معاشی اور سماجی طور پر کھوکھلا کردیا ہے ۔اگلے الیکشن میں پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر پورے ملک کی از سر نوتعمیر کرے گی