ڈی ایس پی کو تھپر مارنے والی خاتون شوہر سمیت گرفتار ، خاتون اہم عہدے پر تعینات تھی

افشاں لطیف کو انویسٹی گیشن پولیس ٹاون شپ نے گرفتار کیا، افشاں لطیف اور اس کے شوہر نوشاد حمید پر 659/20 کا مقدمہ درج کیا گیا، پولیس

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 20 جون 2021 18:44

ڈی ایس پی کو تھپر مارنے والی خاتون شوہر سمیت گرفتار ، خاتون اہم عہدے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20جون 2021۔) آئی جی پنجاب آفس کے باہر انصاف کی فریاد لے کر کھڑی خاتون سے ڈی ایس پی سکیورٹی کی بدتمیزی کا واقعہ، طیش میں آ کر ڈی ایس پی کو تھپر مارنے والی خاتون کو شوہر سمیت گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار خاتون کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ ایک اہم عہدے پر تعینات تھی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی آفس کے باہر دوران احتجاج پولیس آفیسر کو تھپڑ مارنے کے معاملے پرسابق انچارج کاشانہ ویلفیئر افشان لطیف کو پولیس نے شوہر سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

افشاں لطیف کو انویسٹی گیشن پولیس ٹاون شپ نے گرفتار کیا۔ افشاں لطیف اور اس کے شوہر نوشاد حمید پر 659/20 کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے دونوں میاں بیوی کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی۔ افشاں لطیف نے آئی جی آفس کے باہر دوران احتجاج ڈی ایس پی سکیورٹی کو تھپڑ رسید کیا تھا۔

(جاری ہے)

خاتون کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی نے پہلے مجھے دھکے دئیے جس پر میں نے تھپڑ مارا،۔

یاد رہے کاشانہ ویلفیئر کی سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے کچھ عرصہ قبل صوبائی وزیر سماجی بہبود پر لاوارث بچیوں کی زبردستی شادی کرانے کا الزام عائد کیا تھا۔ انکوائری کے بعد خاتون کو نوکری سے فارغ کردیا گیا تھا، اس دن سے افشاں لطیف وزیراعظم عمران خان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ واضح رہے کہ خاتون کی جانب سے ڈی ایس پی کو تھپر مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی تھی۔

آئی جی آفس کے باہر خاتون اور ڈی ایس پی کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ خاتون نے ڈی ایس پی سیکیورٹی کو تھپڑ رسید کر دیا تھا۔ لیڈی کانسٹیبلز نے خاتون کو حراست میں لے لیا تھا۔تاہم بعدازاں خاتون کو رہا کر دیا گیا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈی ایس پی سکیورٹی خاتون کو احتجاج کرنے سے منع کر رہا ہے۔ خاتون کے پُر امن احتجاج کرنے اور احتجاج سے باز نہ آنے پر پولیس کی جانب سے خاتون کو دھکا دیا گیا، جبکہ ڈی ایس پی نے بھی خاتون کو دھکا دیا، جس کے بعد طیش میں آ کر خاتون نے ڈی ایس پی سکیورٹی کو تھپڑ رسید کر دیا، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔