حکومت ایف بی آر کو نیب بنارہی ہے،گرفتاری کے اختیارات سے ریونیو نہیں ہراسانی بڑھے گی،مفتاح اسماعیل

آنے والے دنوں میں پٹرولیم منصوعات مزید مہنگی ہونگی،جس سے اشیا ء خوردنوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائیگا،سابق وزیرخزانہ امریکہ کے ذریعے آئی ایم ایف سے شرائط منوانا قوم کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوگا،عالمی اداروں نے امدادی فنڈروک لیے ہیں،پریس کانفرنس

اتوار 20 جون 2021 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) پاکستان مسلم لیگ( ن)سندھ جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت ایف بی آر کو نیب بنارہی ہے،گرفتاری کے اختیارات سے ریونیو نہیں ہراسانی بڑھے گی،امریکہ کے ذریعے آئی ایم ایف سے شرائط منوانا قوم کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوگا،عالمی اداروں نے امدادی فنڈروک لیے ہیں، شہباز شریف نے عمران خان کو یو ٹرن کروادیا ہے،آنے والے دنوں میں پٹرولیم منصوعات مزید مہنگی ہونگیں،پٹرولیم مصنوعات پر 27روپے اضافے سے اشیا ء خوردنوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائیگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوارکو مسلم لیگ ہائوس کارسازمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پران کے ہمراہ مسلم لیگی رہنما خواجہ طارق نذیر،علی اکبر گجر، ناصر الدین محمود، ندیم آرائیں، طارق محمود،علامہ فرقان شیخانی اوردیگربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات پر 27 فیصد اضافے سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائیگا حکومت نے میاں شہبازشریف کے پوائنٹ آئوٹ کرنے پریو ٹرن لیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کہ ملک میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک نے قرضے دینے بند کر دیئے ہیں، ملازمین کے الائونس سے ٹیکس لینے کی مذمت کرتے ہیں،حکومت میڈیکل الائونس کی مد میں ٹیکس لے رہی ہے،حکومت کی ترجیحات تنخواہ دار اور کاروباری شخصیات کے لیے الگ ہے، تمام صوبوں سے 11 ارب روپے سرپلس آ رہا ہے،570 ارب کے تخمینے پرحکومت کو غور کرنا چاہیے ملازمین کے الائونس سے ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ایف بی آرکونیب بنانا چاہتی ہے ،اسسٹنٹ کمشنر کو یہ طاقت دے رکھی ہے کہ وہ کسی کاروباری شخص کو حراست میں لے سکتا ہے،پاور آف اریسٹ 16،17 گریڈ کے افسر کو نہیں دینا چاہئے،ایف بی آر کو یہ پاور نہیں دینا چاہیئے ایف بی ار کو نیب بنانے کی مذمت کرتے ہیں اس اقدام سے بزنس مین ہراساں ہونگے کاروباری طبقہ پہلے ہی بجلی گیس کے نرخ کے نیچے دبا ہوا ہے ۔

مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ایف بی آر میں 700 ارب روپے کے ٹیکس انکم ریٹرن موجود ہیں، وہ آج تک واپس نہیں دیے،20 ارب لیٹر ڈیزل اور پیٹرول پاکستان میں سالانہ بکتا ہے اگلے چند دنوں میں 27 روپے پیٹرول اور ڈیزل میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ائی ایم ایف اور ورلڈ بنک نے قرضے دینے بند کر دیئے ہیں ورلڈ بینک نے 600 ملین ڈالر جو دینے تھے وہ روک دیئے ہیں ،آئی ایم ایف سے حکومت کو بات کرنی چاہیئے،آئی ایم ایف کا پروگرام منقطع ہو گیا ہے،ایشین ڈولپمنٹ بینک نے فنڈ روک دیے ہیں،حفیظ شیخ کا وعدہ تھا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھائیں گے،ہم بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے انہوں نے کہاکہ حکومت نے بچوں کے دودھ اورغذائی اشیاء پرٹیکس کم کردیا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہاکہ امریکہ کے ذریعے آئی ایم ایف سے شرائط منوانا قوم کے لئے اچھا ثابت نہیں گا وفاقی بجٹ پر شہباز شریف کے کہنے پر حکومت نے یو ٹرن لے لیاہے، آنے والے دنوں میں پٹرولیم منصوعات میں 27 روپے اضافے سے اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائیگا۔حکومت نے شہبازشریف کے کہنے پر یوٹرن لے لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کی آمدن میں کمی اور اخراجات میں اضافہ ہوا، ماہانہ 17فیصد مہنگائی ہوگی تو غریب آدمی کا کیا ہوگا،عمران خان نے ا حتساب کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے،عمران خان نے احتساب نہیں صرف ظلم کیا، کسی عام آدمی کی آمدن نہیں بڑھی ہے۔