وکلاء پروٹیکشن بل ناگزیر ہو چکا ہے،کاشف علی چوہدری

پنجاب کی دو ڈسٹرکٹ بارز میں وکلاء رہنماؤں کا بیہمانہ قتل ہو یا ہمارے ساتھیوں پر قاتلانہ حملے ،وکلاء کو عدم تحفظ کا شدت سے احساس دلا رہی ہے، کاشف علی چوہدری

اتوار 20 جون 2021 19:33

وکلاء پروٹیکشن بل ناگزیر ہو چکا ہے،کاشف علی چوہدری
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20جون 2021۔) لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں امیدوار برائے سیکرٹری کاشف علی چوہدری کے مطابق وکلا پروٹیکشن بل اب ناگزیر ہو چکا ہے، گزشتہ دنوں پنجاب کی دو ڈسٹرکٹ بارز میں وکلاء رہنماؤں کا بیہمانہ قتل ہو،ہمارے ساتھیوں پر قاتلانہ حملے یا پھر حال ہی میں مریدکے میں شیخ سلطان ایڈوکیٹ ہائیکورٹ کے گھر ہونے والی بد ترین پولیس گردی وکلاء کو عدم تحفظ کا شدت سے احساس دلا رہی ہے۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے ادارے درحقیقت چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے اگر وکلاء ان باوردی ملزمان کے شر سے محفوظ نہیں ہیں تو اک عام آدمی کی کیا صورتحال ہو گی۔بات اب مذمت سے آگے بڑھنی چاہیے ۔ متعلقہ بار سمیت پنجاب اور پاکستان بار کونسل ایسے واقعات کا سختی سے نوٹس لے اور ملزمان کی گرفتاری میں اپنا کردار ادا کرے۔