آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے، وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ

فوادچودھری آرٹیکل140 کی بات کرتے ہیں ، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اپنی میعاد مکمل ہونے دی پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے وفاقی حکومت نے ارسا کو ناکارہ بنا دیا ہے،فواد چو ھری سندھ میں پانی کی چوری کا الزام لگاکر مسئلے کو کسی اور سمت الجھانا چاہتے ہیں

اتوار 20 جون 2021 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے ۔ فوادچودھری آرٹیکل140 کی بات کرتے ہیں ، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اپنی میعاد مکمل ہونے دی ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے وفاقی حکومت نے ارسا کو ناکارہ بنا دیا ہے،فواد چو ھری سندھ میں پانی کی چوری کا الزام لگاکر مسئلے کو کسی اور سمت الجھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے بیان کے مطابق نیب سیاسی انجینئرنگ کرتاہے اور اس حساب سے نیازی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو سیاسی ،معاشی اور سماجی طور پر کھوکھلا کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری جب زرداری صاحب کے خلاف بیان دیتا ہے تو میں بہت حیران ہوجاتاہوں کیونکہ فواد چودھری صدر زرداری کے ہائوس کا طوا ف کیا کرتا تھا تا کہ کوئی پوزیشن مل جائے۔

صدر زرداری نے انہیں پارٹی میں عزت دی اور سیاست میں روشناس کرایا ۔انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی دیکھ کر فواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فواد چودھری سندھ آکر وزیراعلی سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں۔ فواد چودھری حلفیہ بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیراعلی سب سے بہترہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کراچی میں آکر سندھ حکومت کو برا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ پی ٹی آئی نیسندھ میں کرپشن کرنے کے لیے اپنے ایم پی ایز کو ڈائریکٹ فنڈز دیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سیاست میں گالم گلوچ ، بدتمیزی اوربداخلاقی کی بنیادڈالی ۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری آئندہ الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خواب دیکھ رہا ہے۔

اگلے الیکشن میں ہجرتی پرندوں کی طرح فواد چودھری پھر کسی اور پارٹی میں ہجرت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے ۔اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اور کرائے کے ترجمان بھاگ کر اپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ فواد چودھری کو اگر فنڈز کی مانٹرنگ کرنی ہے تو جاکر کے پی کے میں کریں ۔

کے پی کے میں بی آرٹی اور مالم جبہ کی کرپشن فواد کو نظر کیوں نہیں آتی۔پنجاب میں رنگ روڈ ، چینی چوری ، گندم اسکینڈل اور شراب کے پرمٹس کی کرپشن فواد کونظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نیسندھ میں کرپشن کرنے کے لیے اپنے ایم پی ایز کو ڈائریکٹ فنڈز دیئے ہیں ۔سندھ میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز وفاقی فنڈنگ پر چھوٹے چھوٹے منصوبوں میں کرپشن کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اس وجہ سے زیادہ زبان درازی کررہے ہیں تاکہ فردوس آپا دوبارہ نہ آجائیں ۔سید ناصر شاہ نے برادرانہ مشورہ دیتے ہوئے فواد چودھری سے کہا کہ تھوڑی شائستگی ، لحاظ اور اخلاقیات کا مظاہرہ کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری الزام لگاتے ہیں کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت نافذ ہے،اصل میں فواد نے عمران کی آمریت دیکھی ہے اسی لیے ان کو ہر جگہ آمریت نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوادچوہدری آرٹیکل140 کی بات کرتے ہیں ۔فواد چودھری کو معلوم ہونا چاہیے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو ان کی میعاد مکمل ہونے دی ۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو سیاسی ،معاشی اور سماجی طور پر کھوکھلا کردیا ہے ۔اگلے الیکشن میں پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر پورے ملک کی از سر نوتعمیر کرے گی۔