پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کردیا

سازش سے سلیکٹر اور سلیکٹڈ آئندہ انتخابات بھی چوری کر نا چاہتے ہیں ،طاقت کا مرکز اسلام آباد پارلیمنٹ سے نکل کر راولپنڈی کی طرف جارہا ہے،بے نظیر نے کہا تھا دہشتگردوں کے ساتھ لڑونگی ، ہم پر یہ قرض ہے جسے سامنے رکھنا ہوگا،بے نظیر بھٹو فیڈریشن کی علامت تھیں، آج فیڈریشن پر خطرات لاحق ہیں، فرحت اللہ بابر ، نفیسہ شاہ ، فیصل کریم کنڈی کا خطاب

اتوار 20 جون 2021 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ سازش سے سلیکٹر اور سلیکٹڈ آئندہ انتخابات بھی چوری کر نا چاہتے ہیں ،طاقت کا مرکز اسلام آباد پارلیمنٹ سے نکل کر راولپنڈی کی طرف جارہا ہے،بے نظیر نے کہا تھا دہشتگردوں کے ساتھ لڑونگی ، ہم پر یہ قرض ہے جسے سامنے رکھنا ہوگا،بے نظیر بھٹو فیڈریشن کی علامت تھیں، آج فیڈریشن پر خطرات لاحق ہیں۔

بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہاکہ سب کو شہید بی بی کی سالگرہ مبارک ہو،جب ہم شہید بے نظیر کو عظیم لیڈر کہتے ہیں تو اسکی ایک شناخت ہوتی ہے،آج ہر کوئی عظیم لیڈر بنا پھرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عظیم لیڈر وہ ہوتا ہے جسکے ربط میں آنے والا بھی غیر معمولی بن جاتا ہے،کراچی سے گلگت تک جو غیر معمولی شخصیات نظر آتی ہیں انکا شہید بی بی سے رابطہ رہا ہے،بڑے لیڈر کی ایک خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ وہ اپکو مجھے شناخت دیتا ہے،1954 سے طے کیا سفر اسکے بعد بی بی پاکستان کی پہچان بن گئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جب وہ پید ہوئیں تو پاکستان انکی شناخت تھا شہید ہوئیں تو وہ پاکستان کی شناخت بن گئیں،بے نظیر بھٹو کا ہم پر قرض بھی ہے جسے سامنے رکھنا ہوگا،انکی آخری تقریر میں انھوں نے کہا تھا دہشت گرد پاکستان کا جھنڈا اتارنا چاتے ہیں میں ان سے لڑوں گی،یہ قرض کیوں ہے اس لئے کہ بے نظیر بھٹو نے ان دہشت گردوں کے ساتھ لڑنے کا کہا تھا،انکی شہادت کے بعد طاقت کا محور عوام سے ہٹ کر غیر سیاسی قوتوں کے ہاتھ میں جارہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ طاقت کا مرکز اسلام آباد پارلیمنٹ سے نکل کر راولپنڈی کی طرف جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی بی نے کہا تھا 27 دسمبر 2007 کو کہ میں ایسا نہیں ہونے دوں گی۔فرحت اللہ بابر نے کہاکہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کرتے ہیں،اس سازش سے سلیکٹر اور سلیکٹڈ آئندہ کے انتخابات چوری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فائیو جی وار کے نام ہماری سوچ اور فکر پر پابندیاں لگ گئی ہیں،سوچ و فکر کی پابندی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ معاشرے کا اخلاقی وجود نہ ہو تو ریاست نہیں رہ سکتی ،ریاست کے معاشرتی وجود کے لئے ان پابندیوں کو ہٹانا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ بے نظیر بھٹو فیڈریشن کی علامت تھیں، آج فیڈریشن پر خطرات لاحق ہیں،فیڈریشن پر حملے 18 ویں ترمیم کے بعد سے شروع ہوگئے تھے،18 ویں ترمیم کچھ لوگوں کو پسند نہیں آئی تھی، سازشیں بند نہیں ہوئیں،2014 میں دھرنا ہوا اس وقت وزیر اعظم اپنا استعفیٰ لیکر پارلیمان میں آیا تھا ،خورشید شاہ نے انہیں اس سازش کو کامیاب نہ بنانے کا مشورہ دیا،پھر فیض آباد پر دھرنا ہوا،وہ لوگ سازشیں اب بھی کررہے ہیں،آج اس سازش کے تحت الیکٹرانک مشین کے نام پر بل لایا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر آئندہ والے انتخاب میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں،میری تصور کی آنکھ اس سازش کے تحت 18 ویں ترمیم رول بیک ہوتی دیکھائی دے رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس سازش کو بھانپ لیا ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ آج سب کا سر فخر سے بلند ہے،یہ واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کو عالمی سطح کے راہنماء فراہم کیے،ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے نام عالمی سطح کے راہنماوں میں تھے۔

انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ نے کم عمری میں 24 سال کی عمر میں پارٹی کو سنبھالا،انہوں نے دو ظالم و جابر آمروں کے ساتھ مقابلہ کیا ،انہوں نے عوامی تحریک کی قیادت کی ،شہید بی بی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ ہم آئین پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں اور ہم ہی نئے پاکستان کے وارث ہیں،آج بلاول شہید بی بی کے وارث ہیں اور ان کا علم تھامے ہوئے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پارٹی جس طرح محنت کررہی ہے جلد اجالا ہوگا۔پیپلز پارٹی کے رہنما ابرار شاہ نے کہاکہ 21 جون اس ہستی کی پیدائش کا دن ہے جس نے عوام کی حقوق کے لیے جان دی،بی بی شہید کی باتیں آج بھی غریب عوام کے دل میں زندہ ہیں،شہید رانی نے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔پیپلز پارٹی کی رہنما شاہدہ رحمانی نے کہاکہ شہید بی بی کی زندگی پاکستانی خواتین کے لیے رول ماڈل ہے،ان کی بطور ماں تربیت آج بلاول, بختاور اور آصفہ کی صورت میں نظر آتی ہے،شہید بے نظر کی پاکستانی خواتین کو مین سٹریم میں لانے کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا۔

اخونزادہ چٹان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بے نطیر بھٹو شہید کی شخصیت کر لحاظ سے بے نظیر تھی،بی بی شہید کی جمہوریت، آئین و قانون کی بالا دستی کے لیے خدمات بھی بے نظیر تھیں،1979 سے کئی طاقتیں پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کیلئے سرگرم رہیں