’’آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے پروگرام منجمد ،ورلڈ بینک نے بھی پاکستان کے فنڈز روک دئیے‘‘

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کاپروگرام منجمدہو چکا ہے ، عالمی اداروں کی طرف سے پاکستان کو ملنے والے پیسے روک دیئے گئے ہیں، لیگی رہنما مفتاح اسماعیل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 20 جون 2021 22:15

’’آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے پروگرام منجمد ،ورلڈ بینک نے بھی پاکستان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20جون 2021) آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے پروگرام منجمد ہو گیا، ورلڈ بینک نے بھی پاکستان کے فنڈز روک دئیے، لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کاپروگرام منجمدہو چکا ہے ، عالمی اداروں کی طرف سے پاکستان کو ملنے والے پیسے روک دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے عمرا ن خان کو یوٹرن لینے پر مجبور کردیاہے کہ ان کے مطالبے پر حکومت نے بچوں کے دودھ پر بجٹ میں ٹیکس کم کر دیا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی610ارب روپے رکھی ہے،پیٹرول ،ڈیزل پر27روپے فی لیٹرکے حساب سے یہ ٹیکس لگائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عوام کو بڑے بڑے خواب دکھائے گئے مگر تین سال گزرنے کے باوجو د نہ معیشت بہتری ہوئی اور نہ ہی ایک کروڑ نوکریاں دی گئیں ہیں۔

حکومت اب بھی میڈیکل الانس پر ٹیکس لیتی ہے، بجلی کی قیمت بڑھانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے،صوبوں کا ٹوٹل سرپلس 11ارب آرہا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو نیب بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ایسا نہیں ہونے دیں گے، ایف بی آر کو گرفتاریوں کی اجازت دینے سے ریونیو نہیں بڑھے گا،پاور آف اریسٹ ایک 17ویں گریڈ کے افسر کو نہیں دینا چاہئے۔

دوسری جانب دوسری جانب وفاقی وزارت خزانہ نے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کا پروگرام معطل نہیں ہے اور ورلڈ بینک نے بھی پاکستان کا قرض نہیں روکا۔ایک بیان میں وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف مشن کا اگست میں دورہ متوقع ہے، جس میں مشن پورے سال کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لےگا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ پاکستان نےمارچ تک آئی ایم ایف پروگرام کے تمام اہداف حاصل کیے ہیں،آئی ایم ایف پروگرام کےدوران پاکستان نےبہترین معاشی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق ورلڈ بینک نےپاکستان کا قرض نہیں روکا، ورلڈ بینک نےایک روز قبل ہی پاکستان کےلیےقرض کی منظوری دی ہے۔مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، آئی ایم ایف قرض پروگرام کی ذمہ دار ن لیگ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہےکہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ صارفین کو منقل نہیں کررہی، حکومت تیل کی قیمتوں میں استحکام لانےکی کوشش کررہی ہے، ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے کی توقع ہے جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، سعودی عرب کے ساتھ ادھار پر تیل کے معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔