ملک میں 74سال سے انگریزوں کا بنایا ہوا نظام چل رہا ہے ،ْحافظ نعیم الرحمن

گوٹھوں اور شہروں میں رہنے والے حالات کو سمجھیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کا حصہ بنیں بحریہ ٹاؤن کے گوٹھوں کے متاثرین جماعت اسلامی کے دفتر آئیں ،ایک بڑا کنونشن کیا جائے گا ،ْامیرجماعت کا گڈاپ ٹاؤن میں اجتماع عام سے خطاب

اتوار 20 جون 2021 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وڈیروں اور جاگیرداروں نے سب سے زیادہ غریب سندھیوں اور کراچی کے عوام کا استحصال کیا،سندھ کے نام پر سیاست کرنے والوں نے سندھیوں اورمہاجروں کو آپس میں لڑواکرخود زمینوں پرقبضے کیے،بد قسمتی سے ہمارے ملک میں 74سال سے انگریزوں کا بنایا ہوا نظام چل رہا ہے ،وڈیرے اور جاگیردار انگریزوں کے آلہ کار تھے اور محروموں اور مظلوموں کا استحصال کرتے ہیں،یہ تمام لوگ اپنے آقاؤں کے بنائے ہوئے نظام کا تحفظ کرتے ہیںاورمظلوموںپر انسانوں کی حاکمیت کا نظام بناتے ہیں ،گوٹھوں اور شہروں میں رہنے والے حالات کو سمجھیںاور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں،بحریہ ٹاؤن کے مسئلے پر سب سے پہلے جماعت اسلامی نے آواز اٹھائی ،گوٹھوں کے متاثرین جن کی زمینوں پر قبضہ ہوا ہے وہ اپنے اصل دستاویزات کے ساتھ جماعت اسلامی کے دفتر آئیں ،جماعت اسلامی ایک بڑا کنونشن کرے گی اور زمینوں پر قبضے کے خلاف جدوجہد کرے گی ،بدقسمتی سے ہمارے ملک کی عدالتوں کا نظام بھی بوسیدہ ہے ،نعمت اللہ خان نے پارکوں پر قبضوں کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اس وقت ایم کیو ایم زمینوں پر قبضے کررہی تھی لیکن آج تک عدالتوں سے انصاف نہیں مل سکا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت علاقہ گڈاپ ٹاؤن میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع عام سے امیر ضلع شمالی محمد یوسف،ناظم علاقہ گڈاپ ٹاؤن سومار برفت ،نائب صدر جماعت اسلامی یوتھ سندھ امتیاز احمد پالاری دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر قائم مقام قیم ضلع فیصل جمیل ،شاہ جان جوکھیو ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ پیپلزپارٹی 35سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے اور یہ عملاً لسانی سیاست کرتی ہے ،انہوں نے آج تک سندھی زبان بولنے والوں سمیت کسی کے بھی مسائل حل نہیں کیے ،جب بحریہ ٹاؤن بن رہا تھا تو اس وقت انہی لوگوں نے ملک ریاض کو زمینیں دیںاور جب ملک ریاض نے کراچی کے لوگوں کو تنگ کرنا شروع کیا تو جماعت اسلامی ہی نے بحریہ ٹاؤن کے خلاف آواز اٹھائی جس کے نتیجے میں آج بہت سارے لوگوں کو ان کی زمینیں اور پیسے واپس ملے ۔

گڈاپ ٹاؤن کے رہائشی حق اور انصاف پر کھڑے ہونے والوں کا ساتھ دیں،آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں گڈاپ ٹاؤن کی 6یونین کونسلرز میں جماعت اسلامی بھرپور حصہ لے گی اور اچھی شہرت کے حامل افراد کو انتخابات میں کھڑا کیا جائے گا۔محمد یوسف نے کہاکہ حق و باطل کی کشمکش روزاول سے موجود ہے ،ہمیںعزم و حوصلے کے ساتھ دعوت دین کا کام کرنا ہے ،ہم سے ووٹ لینے والے لوگ تو روزبروز ترقی کررہے ہیں لیکن عام شہریوں کا استحصال ہورہا ہے ،زمینوں پر قبضے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور علاقے کے منتخب نمائندے کہاں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نعمت اللہ خان نے 18ٹاؤن میں سے ہرٹاؤن میں ماڈل پارک بنایا جب کہ جماعت اسلامی کے صرف 9ٹاؤن ناظم تھے ، نعمت اللہ خان نے بلاتفریق تمام ٹاؤنز میں ماڈل پارک بنا کر کراچی کے عوام کی بے مثال خدمت کی ،گڈاپ ٹاؤن میں بھی ماڈل پارک بنایا گیا بدقسمتی سے آج یہ پارک تباہ حال ہے ۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے علاقہ کی سماجی شخصیت حاجی دوست علی گبول کے انتقال پر ان کے ڈیرے پر جاکر صاحبزادے علی نواز گبول سے تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔