حیدرآباد کی تاجر برادری کے مسائل جن میں ٹریفک اور اسٹریٹ کرائم جیسے مسائل شامل ہیں کو جلد اًز جلد حل کرائیں گے، ایس ایس پی حیدرآباد

اتوار 20 جون 2021 22:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی تاجر برادری کے مسائل جن میں ٹریفک اور اسٹریٹ کرائم جیسے مسائل شامل ہیں کو جلد اًز جلد حل کرائیں گے، 300 کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار 5 سے 8 سال پہلے کراچی گئے تھے اور وہ وہاں ضم ہوگئے جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں دُشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹرے کے دورے کے موقع پر عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے، ایس ایس پی عبدالسلام شیخ نے کہا کہ حیدرآباد آبادی کے لحاظ سے بڑا شہر ہے لیکن پولیس نفری کم ہونے کے سبب اسٹریٹ کرائم بھی دیکھنے میں آتے ہیں، اِس سلسلے میں اُنہوں نے آئی جی سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ حیدرآباد کی آبادی اور مسائل کے لحاظ سے پولیس کی نفری بڑھائی جائے، ایس ایس پی نے کہا کہ حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، کئی کرائم گینگ تحویل میں لئے ہیں جن میں کار اور موٹر سائیکل چوری کے گینگ شامل ہیں، صدر چیمبر سلیم الدین قریشی نے گفتگو میں ایس ایس پی کی توجہ شہر میں ٹریفک کے مسائل، اسٹریٹ کرائم، آر آر ایف فورس کو مزید متحرک بنانے سمیت تاجروں کو درپیش مسائل اور چند گذارشات پیش کیں۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن، سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، اے ایس پی سٹی علینہ راجپر اور اے ایس پی یوٹی رانا محمد دلاور موجود تھے۔