ڈیفنس میں پالتو کتوں نے حملہ کرکے مقامی وکیل کو شدید زخمی کردیا

متاثرہ وکیل نے مقدمہ درج کرادیا ہے،کتوں کے مالک نے ضمانت کروالی ،ملازمین کو گرفتار کرلیاگیا

پیر 21 جون 2021 18:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) کراچی کے پاپوش علاقے ڈیفنس میں پالتو کتوں نے حملہ کرکے مقامی وکیل کو شدید زخمی کردیا تاہم متاثرہ وکیل نے مقدمہ درج کرادیا ہے،کتوں کے مالک نے ضمانت کروالی تاہم ملازمین کو گرفتار کرلیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آوارہ کتوں کے بعد پالتو کتے بھی شہریوں کے لیے عذاب بننا شروع ہوگئے ہیں، ڈیفنس فیز 6خیابان راحت وسحر میں پالتوکتوں نے وکیل پر حملہ کردیا اور بھنبھوڑ کر شدید زخمی کردیا جبکہ پالتو کتوں کے مالک نے ضمانت کرا لی ۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں خیابان راحت اور خیابان سحر کے قریب واک کرنے کے دوران مقامی ایڈووکیٹ مرزا اختر علی کو بری طرح زخمی کرنے والے کتوں کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا مگر پولیس کے مطابق کتوں کے مالک نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ 16 جون کو درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 میں پیش آیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی ایڈوکیٹ مرزا اختر علی ڈیفنس کی گلی میں واک کرتے جا رہے ہیں کہ ان پر اچانک دو سیاہ کتے حملہ آور ہوتے ہیں۔

کتوں کو رسی نہیں ڈالی گئی تھی، ان کا رکھوالا انہیں بغیر رسی کے گھما رہا تھا۔ کتوں کے حملے کے دوران ان کا رکھوالا انہیں بہت بچانے کی کوشش کرتا ہے مگر دونوں کتے ڈیڑھ منٹ تک وکیل کو بھنبھوڑتے رہتے ہیں۔ کتوں کا رکھوالا بھاگ کر اپنے ساتھی کو بلانے کے لیے جاتا ہے، اس دوران بھی کتے وکیل کو کاٹتے رہتے ہیں۔ ایس ایچ او نصیر تنولی کے مطابق اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے مگر کتے کے مالک نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کروالی ہے جس کی بنا پر اس کی گرفتاری نہیں ہو سکی تاہم ملازمین کوگرفتارکرلیاگیاہے۔

دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن نے ساتھی وکیل مرزا اختر علی پر کتوں کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے واقعے کی مکمل انکوائری کرواکر ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔