فردوس عاشق اعوان سے تلخ کلامی، قادر مندوخیل کا عدالت سے رجوع

فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا اور تشدد کیا،میرے ووٹرز اور اہل خانہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے ،درخواست میں موقف

پیر 21 جون 2021 18:40

فردوس عاشق اعوان سے تلخ کلامی، قادر مندوخیل کا عدالت سے رجوع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل نے ٹی وی شو کے دوران تھپڑ مارنے پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا۔قادر خان مندوخیل ایڈوکیٹ نے کراچی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ٹی وی چینل کے پروگرام میں وزیراعلی پنجاب کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا اور تشدد کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے مجھے غلیظ گالیاں دیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

(جاری ہے)

میں بمشکل وہاں سے اپنی جان بچا کر نکلا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے سے میرے ووٹرز اور اہلخانہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔قادر مندوخیل نے درخواست میں کہا کہ پولیس نے واقعے کے مقدمے کے اندراج سے انکار کردیاہے لہذا عدالت پولیس کو فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم دے۔اسی معاملے پر فردوس عاشق اعوان نے قادر مندوخیل کو 1ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔فردوس عاشق اعوان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے متن کے مطابق قادر مندوخیل لائیو پروگرام کے دوران بدسلوکی، ہراساں کرنے اور بغیر ثبوت الزامات عائد کرنے پر آئندہ 14 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں۔