وزیراعلیٰ سندھ کے ڈی اے میں کنٹریکٹ ملازمین کی حق تلفی کا فوری نوٹس لیں،سردارذوالفقار

پیر 21 جون 2021 19:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے جنرل سیکرٹری سردار ذوالفقار نے وزیر اعلیٰ سندھ ،وزیر بلدیات اور چیف سیکریٹری سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کے ڈی اے میں 2012سے خدمات سرانجام دینے والے کنٹریکٹ ملازمین کی حق تلفی کا فوری نوٹس لیں اور ان کی مستقلی کے لئے اقدامات کریں ۔وہ گذشتہ روز پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں آئے ہوئے کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

اس موقع پر پاسبان ایگزیکٹیو کونسل کے ا راکین محمد حامد صدیقی ، کلیم اللہ ملک ،خالد صدیقی ایڈووکیٹ ، اکرم آگریااورمیاں ریاض بھی موجود تھے ۔ پاسبان رہنمائوں کو کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے نمائندہ وفد نے بتایا کہ ہم 2012؁ سے کے ڈی اے میں خدمات سرانجام دیتے آرہے ہیں لیکن تاحال ہمیں مستقل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ہم نے اپنی مستقلی کے لئے مختلف محکموں میں درخواستیں بھی جمع کرائی تھیں، جس پر 2019 ؁ کے گیارہویں مہینے میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرکرنے کی منظوری اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ ودیگر جی بی کے ممبران پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

14فروری 2020 ؁ میںڈپٹی سیکریٹری ایڈمن شبانہ کوثر ایکس پی سی ایس نے بھی ہمارے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ایک لیٹر جاری کیا تھا ۔وفد نے بتایا کہ انہوںنے مورخہ 17/12/2020کو وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے ایک درخواست پر (ALLOWED) کر کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو مارک کیا تھا ۔ سیکریٹریی لوکل گورنمنٹ نے بتاریخ 21 اپریل 2021 ڈائری نمبر343 کے ذریعے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سے متاثرہ کنٹریکٹ ملازمین کی فہرست طلب کی تھی اور ان سے سب کمیٹی کا اپروول بھی مانگا تھا۔

اب فائل ڈائر یکٹرجنرل کے ڈی اے کی ڈاک سے غائب ہو نے کی اطلاع ملی ہے ۔وفد نے بتایا کہ فائل غائب ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ سندھ نے ایک لیٹر نمبر PS/AS/HTP/LG/MISC/2021 کے ذریعے کے ڈی اے سے ایک دن کی مہلت پرایک پرفارمے کے تحت خالی اسامیوں کی تفصیل طلب کی تھی جس پرکے ڈی اے کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ایک لیٹر نمبر NO:PA/SECY/KDA/2021/280بتاریخ 28مئی 2021کے ذریعہ خالی اسامیوں کی فہرست ارسال کی گئی تھی ۔ سردار ذوالفقار نے کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ پاسبان ان کی مستقلی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ۔#