چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی معاونت سے صوبہ بھر سے سپیشل کورٹس برائے اوورسیز پاکستانیز تشکیل دی جائیں گی : چوہدری وسیم اختر

اگر کوئی اوورسیز پاکستانی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر شکایت کا اندراج کرتا ہے تو اس کی سزا 6 ماہ قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا‘وی سی او پی سی

پیر 21 جون 2021 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2021ء) پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی)ایکٹ 2020 آخر کار 2 سال کی ان تھک محنت کے نتیجے میں پنجاب اسمبلی سے منظور کروا لیا گیا۔ او پی سی ایکٹ نے پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کو مزید اختیارات دیے ہیں تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو بغیر کسی تاخیر کے جلد یقینی بنایا جا سکے او پی سی ایکٹ 2020 اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک ایسا تحفہ ہے جس سے ان کے حقوق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا جس میں ان کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی شامل تھیں۔ وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے اور پی آئی ٹی بی میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی کانٹر لگوایا گیا ہے،اس کے علاوہ تمام اوورسیز پاکستانیوں کو اپنی زمینوں کی فردیں او پی سی کے دفتر میں قائم شدہ مال مرکز سے حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

گذشتہ حکومت کی اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات حل کرنے کی شرح 37فیصد جو کہ اب موجودہ حکومت میں 62 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ او پی سی ایکٹ 2020 کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا،اس ایکٹ کی منظوری اوورسیز پاکستانیوں کو استحکام دیا ہے اور اب جو سرکاری ملازمین اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں غفلت برتے گئے تو ان کے خلاف اینٹی کرپشن کے ذریعے کاروائی ہو سکے گی۔

وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی معاونت سے صوبہ بھر میں سپیشل کورٹس برائے اوورسیز پاکستانیز تشکیل دی جائیں گی اور ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کے ساتھ ساتھ اب تحصیل کی سطح پر تحصیل کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ او پی سی کی تجاویز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں او پی سی کو اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی سرکاری ملازم کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے سکیں اگر کوئی اوورسیز پاکستانی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر شکایت کا اندراج کروتا ہے تو اس کی سزا 6 ماہ قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔