علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت 5جولائی تک ملتوی

پیر 21 جون 2021 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) عدالت نے علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت 5جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر خاتون گواہ کو شہادت کیلئے طلب کرلیا۔ ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا نے علی ظفر نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر علی ظفر کے وکیل نے میشا شفیع کی جانب سے پیش ہونے والی گواہ لینا غنی پر جرح کی، علی ظفر کے وکیل نے لینا غنی سے استفسار کیا کہ آپ نے الزامات لگائے مگر آپ کی بہن نے علی ظفر کو میسجز کیے کہ انھیں بھارتی اداکاروں سے ملوایا جائے، جس پر لینا غنی نے جواب دیا کہ میں اپنی بہن کے حوالے سے جواب دہ نہیں۔

علی ظفر کے وکیل نے لینا غنی سے سوال کیا کہ آپ نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ کو علی ظفر کے مداحوں نے دھمکیاں دیں مگر جو دستاویزات ہیں ان کے مطابق تو آپ پر عورت مارچ اور اسکے نعروں کی وجہ سے تنقید کی گی، جس پر لینا غنی نے کہا کہ جنہوں نے تنقید کی وہ علی ظفر کے ہی مداح ہیں۔

(جاری ہے)

علی ظفر کے وکیل نے جرح کے دوران سوال کیا کہ کیا آپ نے شہرت حاصل کرنے کے لیے میرے موکل پر الزامات عاد نہیں کئے جس پر لینا غنی نے انکار کیا، اسی کی ساتھ ہی میشا شفیع کی گواہ لینا غنی پر علی ظفر کے وکلا کی جرح مکمل کی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر خاتون گواہ کو شہادت کیلئے طلب کیا جس پر وکیل علی ظفر نے کہا کہ ہم تو سمجھتے ہیں اب میشا شفیع کو طلب کیا جائے، ورنہ دو ماہ اسی میں گزر جانے ہیں کہ ان کا ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کروایا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ پہلے خاتون گواہ کی شہادت ہوجائیاسکے بعد معاملے کو دیکھتے ہیں۔