سرکاری نرخ پر اشیاء عوام کی دسترس میں لانے کے لئے محکمہ خوراک بھرپور کردار ادا کررہا ہے، جواد علی

پیر 21 جون 2021 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) ڈائریکٹر محکمہ فوڈ محمد زبیر کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ضلع سوات جواد علی نے مینگورہ بازار سمیت خصوصاً بائی پاس پر مختلف ہوٹلوں، نانبائیوں اور جنرل سٹور کی دکانوں پر اچانک چھاپے مارے۔اس موقع پر انہوں نے سرکاری نرخناموں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فروخت سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی۔

اس کے ساتھ ساتھ جواد خان نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ سرکاری نرخوں پر عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری قیمتوں پر فراہم کرنا ہوںگی جبکہ سرکاری نرخنامہ کو بھی آویزاں کرنا لازمی ہے تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردونوش یقینی طور پر فراہم ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوات میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، کاروبار چھوٹا ہو یا بڑا ان کو ہر قیمت پر سرکاری نرخناموں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا ورنہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو ہمارے دفتر سے فوری طور پر رابطہ کریں تاکہ انکی شکایت کا بروقت ازالہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں محکمہ فوڈ کے چھاپوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :