Live Updates

صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے یونین کونسل غالیگے سوات روڈ کا افتتاح کردیا

منصوبوں کی تکمیل سے سیاح مذکورہ علاقو ں کے پُرکشش سیاحتی مقامات سے پہلی بارلطف اندوزہو سکیں گے،امجد علی

پیر 21 جون 2021 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے یونین کونسل غالیگے سوات میں لنک روڈ افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کہاہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق، وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں عوام سے کئے گئے وعدے پُورے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِحکومت میں صوبہ بھر میں صحت، تعلیم، صاف پانی، بجلی، گیس اور سڑکوں کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہیں۔

وزیرِ ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں عوامی مسائل کے حل اور اُنکے دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے بروقت منصوبہ بندیاں کرنے کا سہرا موجودہ صوبائی حکومت کے سرجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے علاقے جوربانڈئی، نری بنڑ، نجیگرام اور سمسرو کلے کے لئے نئی سڑکوں کی تعمیر سے سیاح وہاں کے پُرکشش سیاحتی مقامات کا پہلی بار نظارہ کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گاؤں سپیرکو کلے کے لئے بجلی منصوبہ سمیت کسان بھائیوں کے مطالبہ پر گاؤں ڈیڈہ ور، تیرنگ اور ملک آباد کیلئے نہر کی تعمیر کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے جس سے مذکورہ گاؤں میں فصلیں و باغات سیراب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصدغریب و محروم طبقات کو سماجی و اقتصادی ترقی دلانے سمیت ان کیلئے آسانیاں فراہم کرنا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات