غلام فرید، مقبول صابری کے چھوٹے بھائی محمود صابری انتقال کر گئے، سوئم کل ہوگا

امجد صابری کے بیٹے مجدد امجد صابری کی اپنے چھوٹے دادا حاجی محمود صابری کی مغفرت کے لیے دعاکی درخواست

منگل 22 جون 2021 15:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) برصغیر پاک و ہند سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ قوال حاجی غلام فرید صابری اور مقبول صابری قوال کے سب سے چھوٹے بھائی حاجی محمود صابری کراچی میں انتقال کرگئے۔حاجی محمود صابری کی تدفین کراچی کے پاپوش نگر قبرستان میں کی گئی ان کا سوئم آج( بدھ) 23 جون بعد نماز ظہر ،مسجد فرقانیہ لیاقت آباد نمبر چار میں ہوگا۔

مرحوم کے کلام کو جرمنی اور یورپی ملکوں میں کافی پذیرائی ملی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ نمل یونیورسٹی کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے یورپ میں کافی پروگرام کیے اور کافی عطیات جمع کر کے وطن بھجوائے۔دوسری جانب معروف قوال امجد صابری کے بیٹے مجدد امجد صابری نے اپنے چھوٹے دادا حاجی محمود صابری کیلئے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام پر حاجی محمود صابری کے انتقال کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ میرے چھوٹے دادا کا انتقال ہوگیا ہے آپ سب سے گزارش ہے کہ انہیں اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔ایک اور اسٹوری میں مجدد امجد صابری نے بتایا کہ حاجی محمود صابری صوفی قوال تھے اور صابری برادرز کے اہم رکن بھی تھے۔انہوں نے بتایاکہ وہ حاجی غلام فرید صابری اورحاجی مقبول احمد صابری کے چھوٹے بھائی تھے۔