متحدہ عرب امارات نے مقدمات کی سماعت کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا

اماراتی وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ہدایت کی ہے کہ سال 2021ء کے اختتام تک 80 فیصد مقدمات کی سماعت آن لائن کی جائے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 جون 2021 15:24

متحدہ عرب امارات نے مقدمات کی سماعت کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جون 2021ء) متحدہ عرب امارات کو دُنیا بھر کی طرح کورونا وبا کا سامنا ہے۔ اس وبا کی وجہ سے گزشتہ سال لاک ڈاؤن بھی رہا۔ جس دوران کئی سرکاری محکموں اور اداروں کی خدمات معطل کر ی گئی تھیں۔ گزشتہ سال اس وبا کے باعث عدالتی معاملات بھی بُری طرح متاثر ہوئے تھے، کیونکہ سماجی فاصلے کو ممکن بنانے کی خاطر عدالتوں کے احاطے بند کر دیئے گئے تھے، جس کی وجہ سے ہزاروں مقدمات کی سماعت تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔

اگرچہ امارات میں لاکھوں افراد کی ویکسی نیشن کر دی گئی ہے تاہم اس کے باوجود کوروناکے پھیلاؤ کا خطرہ موجود ہے، اسی بات کے پیش نظر عدالتوں کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا گیا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ہدایت جاری کی ہے کہ’ پورے ملک میں مستقل بنیادوں پر 80 فیصد سے زیادہ مقدمات کی سماعت آن لائن کی جائے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ 2021 کے اختتام سے قبل نافذ کردیا جائے‘۔ محمد بن راشد نے ٹوئٹراکاؤنٹ پر بتایا ہے ’ امارات نے کووڈ 19 وبا کے دوران مقدمات کی ا?ن لائن سماعت کے نظام کو کامیابی سے انجام دیا ہے۔ ہمارا نصب العین عدالتی عمل میں تیز تر، بہترین اور مناسب عدالتی خدمات ہیں۔ امارات کا عدالتی نظام ملک میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی بنیادیں مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ’ امارات نے کورونا کے چیلنج کو غیر معمولی مواقع میں تبدیل کیا جو ملکی ترقی، پیداوار اور اہم شعبوں مایں پیش رفت کے لیے تھے۔ خدمات کے عمل کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے‘۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ’ عوام کی زندگی کا معیار بہتر بنانا ہماری حکومت کا بڑا نصب العین ہے‘۔