خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی

منگل 22 جون 2021 16:27

خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کل بروز ( بدھ ) تک کیلئے ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل نے دلائل دئیے کہ خواجہ آصف نے انیس سو اکیانوے میں سیاست میں قدم رکھا۔ دو ہزار چار سے دوہزار اٹھارہ کا دورانیہ اقامہ انکم سے متعلق ہے۔ جسٹس شہباز علی رضوی نے استفسار کیا کہ اقامہ کی تنخواہ کو خواجہ آصف نے ڈیکلئیر کیا تھا جبکہ جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ خواجہ آصف نے کتنا کمایا،کہاں سے کمایا جس پر وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے یو اے ای کمپنی کا سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا جسے ریکارڈ کا حصہ بھی بنایا گیا جبکہ خواجہ آصف کے بنک اکانٹ کی تفصیلات ایف بی آر میں ڈیکلئیرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

عدالتی استفسار پر وکیل نے بتایا کہ خواجہ آصف اور انکی اہلیہ کے جوائنٹ اکانٹ میں بیرون ملک ترسیلات آتی رہیں۔ ایک سو چھتیس ملین خواجہ آصف کی تنخواہ کی رقم نہیں بلکہ اثاثوں کی مالیت بھی شامل کرنے سے یہ رقم بنتی ہے۔ خواجہ آصف کے ذرائع آمدن کے بارے سپریم کورٹ اور الیکشن ٹربیونل نے درست قرار دیا۔ نیب راولپنڈی اور لاہور کو ساری تفصیلات فراہم کی جاچکی ہیں۔ خواجہ آصف کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو دلائل کیلئے تئیس جون کو طلب کرلیا۔