سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے آسٹریلین ہائی کمشنرکی ملاقات

تجارتی شعبہ میں پاکستان اور آسٹریلیا کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے‘پرویز الٰہی

منگل 22 جون 2021 18:33

سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے آسٹریلین ہائی کمشنرکی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ،اراکین قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی اور چودھری سالک حسین سے آسٹریلین ہائی کمشنرجیفری شانے چار رکنی وفد کے ہمراہ سپیکر چیمبرز میں ملاقات کی۔ سپیکر نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ کروایا ۔ انہوں نے اسمبلی کی تاریخ، رولز آف پروسیجر اور پارلیمانی روایات سے آگاہ کیا ۔

سپیکر نے وفد کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی سے بھی آگاہ کیا ۔ اس ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل ،اداروں کی مضبوطی ،پارلیمنٹ کی بالادستی کے علاوہ ذاتی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کی اسمبلیوں میں اقلیتی برادری کے لئے نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کو خصوصی نمائندگی دی گئی ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ لائیو سٹاک، تعلیم ،صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور آسٹریلیا کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ پاکستان میں کرونا کے خلاف حکومت اور سول سو سائٹی نے بھر پور کردار ادا کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کی مبارک باد دی۔ اس موقع سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمدخاں بھٹی بھی موجود تھے۔