نیب میں پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے، جسٹس جاوید اقبال

نیب اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید بنیادوں پر تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، اجلاس سے خطاب

منگل 22 جون 2021 19:15

نیب میں پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے، جسٹس جاوید اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب میں پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے، نیب اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید بنیادوں پر تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وہ نیب ہیڈکوارٹرز میں نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی ہدایات پر نیب ہیڈکوارٹرز میں جدید پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے کیونکہ نیب اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید بنیادوں پر تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، تربیت ایک مسلسل عمل ہے جو کہ انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کے معیار میں بہتری لانے کیلئے موثر ہتھیار ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلی ادارہ ہے جس کو ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے پرعزم اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اپنے انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس تناظر میں پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے جو کہ دنیا بھر میں انسداد بدعنوانی کے شعبہ میں طریقہ کار کے مطابق کام کرے گی، اکیڈمی میں مستقبل میں وائٹ کالر کرائمز سے نمٹنے کیلئے پروفیشنلز کو بااختیار بنانے کیلئے اینٹی کرپشن تھنک ٹینک کے طور پر کام کرے گی اور اس میں معیاری ٹریننگ، سیمینارز، کانفرنسز، مباحثے اور نیٹ ورکنگ کے مواقع میسر آئیں گے، اس سے اینٹی کرپشن سے متعلق آگاہی و تحقیق تک رسائی، نظم و نسق سے متعلق تمام شعبوں کے ماہرین کیلئے اینٹی کرپشن تربیت کی سہولت اور متعلقہ فریقوں کو مختلف قسم کی معاونت فراہم ہو گی۔

یہ اکیڈمی کثیر جہتی تربیتی طریقہ کار، ذرائع اور تکنیک کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا بھر میں انسداد بدعنوانی کے اداروں کیلئے جدت اور عزم کی مثال بن کر ابھریگی۔ بدعنوانی ترقی، خوشحالی اور نظم و نسق کی بہتری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی انضمام اور احتساب کے نظام کوفروغ دیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی نیب افسران کی تربیت اور استعداد کار میں اضافہ سمیت پانچ اہم افعال سرانجام دے گی، ان میں نظام میں خامیوں کو اجاگر کرنے، ضروری بہتری، نظام کے تجزیے، فنانشل کرائم کے شعبہ میں بہترین طریقہ کار پر عملدرآمد شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی بین الاقوامی تعاون کیلئے ملکی اور غیر ملکی ایجنسیوں کے درمیان روابط، ٹریننگ، ریسرچ اینڈ ریفارمیشن، فرانزک ایگزامینیشن، نصاب میں بہتری اور فنانشل کرائم اینڈ اینٹی کرپشن کے شعبوں میں انویسٹی گیشن کی ایکریڈیٹیشن کے حوالہ سے بھی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی کا نیب میں قیام نیب کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے جس سے تمام انویسٹی گیشن افسران کیلئے معیاری نصاب اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پراسیکیوٹر کی استعداد کار میں اضافہ کو معیاری اور یکساں بنانے میں مدد ملے گی۔

تربیتی پروگراموں کی کارکردگی کے اہداف کا مسلسل جائزہ لیا جاتا ہے اور مستقبل کی تربیتی ضروریات کے تناظر میں ان میں بہتری لائی جاتی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس سے فرانزک مواد کے تجزیے سے متعلق ماہرانہ رائے، سائنسی آلات کے استعمال، فرانزک تکنیک میں مجوزہ پیشرفت اور فرانزک مواد کے تجزیے کیلئے مناسب سائنسی آلات کی خریداری کی تجاویز، فرانزک مواد کو اکٹھے کرنے، محفوظ بنانے سے متعلق طریقہ کار، مقررہ طریقہ کار کے تحت اس مواد کو اکٹھے کرنے والے افراد سے تصدیق کرنا اور کیس کی نوعیت کے جاننے سے متعلق معلومات کو اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے خلاف جنگ کرنے والے ہر ادارہ کیلئے فرانزک جائزہ کی سہولت ضروری ہے اس لئے پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی نیب کے انویسٹی گیشن افسران اور دیگر ملکی و غیر ملکی فرانزک ماہرین کو عملی معاونت فراہم کرنے کیلئے لازمی فرانزک تربیتی پروگرام پیش کرے گی تاکہ عالمی معیار کے مطابق فنگر پرنٹ کے تجزیے، کمپیوٹر فرانزک، آڈیو سن کر ثبوت اکٹھے کرنے، سوالیہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ثبوت کے تجزیے میں انہیں آسانی حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی بہترین طریقہ کار اور معیار یقینی بنانے کے اقدامات کے تحت فرانزک تجزیے پر توجہ مرکوز کرے گی، اپنے اہداف کے حصول کیلئے اکیڈمی فرانزک سائنس کے جدید کورسز کی تربیت فراہم کرنے کیلئے متعلقہ فریقوں سے بھی مشاورت کرے گی، انویسٹی گیٹرز کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی ڈیجیٹل دستاویزات کے تجزیے اور انجینئرنگ منصوبوں کے مواد کے فرانزک تجزیہ کیلئے ویڈیو لیکچرز کا اہتمام کرے گی۔