پیپلز پارٹی نے خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو غیر زمہ دارانہ قرار دیدیا، وزیراعظم سے خواتین سے معافی مانگنے کا مطالبہ

منگل 22 جون 2021 19:15

پیپلز پارٹی نے خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو غیر زمہ دارانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو غیر زمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے خواتین سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے کہاکہ وزیراعظم کا خواتین کے لباس سے متعلق بیان انتہائی افسوسناک اور متاثرہ خواتین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا مترادف ہے خواتین بحیثیت مائیں بہنیں بیویوں بیٹیوں کے کائنات میں سب سے زیادہ قابل باعزت ہیں نیر بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے بیان پر خواتین میں تشویش اور غصہ پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نیر بخاری نے کہا کہ وزیراعظم نے خواتین کے لباس سے متعلق بیان دیکر مجرموں کا ساتھ دیا ہے اور خواتین کی توہین کی ہے وزیراعظم کا بیان اپنی نااہلی اور ناکامی کا ملبہ خواتین پر ڈالنے کی کوشش ہے نیر بخاری نے مزید کہا کہ موٹروے حادثے کے بعد کہا گیا کہ خواتین رات کو باہر نکلیں گی واقعات تو ہوں گے جس کا واضح مطلب تھا حکمرانوں نے ماؤں بہنوں بیٹیوں کے تحفظ کی زمہ داری اور فرض سے فرار حاصل کی نیر بخاری نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ اب کہا جا رہا ہے کہ جنسی زیادتی کے واقعات کی ذمہ دار خواتین خود ہیں نیر بخاری نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا آنے والے دنوں میں یہ کہا جائیگا کہ خواتین گھروں سے نکلیں ہی نہ تو واقعات بھی نہیں ہوں گے نیر بخآری نے وزیراعظم سے استفسار کیا ہے کہ وزیراعظم بتائیں کہ انکی حکومت کی رٹ ہے کہاں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخآری نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم اپنا غیر زمہ دارانہ بیان واپس لیکر خواتین سے معافی مانگیں