فلاحی منصوبوں میں عوامی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے، فواد چوہدری

کوشش ہے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے براہ راست شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، ضلع کے پسماندہ علاقوں ترقیاتی منصوبوں کے مکمل ہونے سے واضح تبدیلی آئیگی،وفاقی وزیر اطلاعات

منگل 22 جون 2021 20:00

فلاحی منصوبوں میں عوامی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے، فواد چوہدری
جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فلاحی منصوبوں میں عوامی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے براہ راست شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، ضلع کے پسماندہ علاقوں میں ان ترقیاتی منصوبوں کے مکمل ہونے سے واضح تبدیلی آئے گی جس سے عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ ساتھ معیار زندگی میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کے ہمراہ بذریعہ ویڈیو لنک ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، اسسٹنٹ کمشنر جہلم ذولفقار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اشتیاق، سی ای او ایجوکیشن چوہدری معروف، ایکسینز سمیت عوامی نمائندوں اور تمام محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع بھرکے میگاپراجیکٹس سمیت سالانہ ترقیاتی پروگرامز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جلال پور اریگیشن پراجیکٹ، للہ جہلم روڈ، جادہ روڈ، ٹلہ جوگیاں تا نندنہ فورٹ ٹریک،تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال دینہ کی تعمیر، سپورٹس گراؤنڈز سمیت سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تمام میگا پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبوں کو بروقت پایا تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت عوامی خدمت کے لئے کام کریں۔