وزیر بلدیات سید ناصر شاہ اور سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

سیکرٹری بلدیات سندھ کی جانب سے وزیر بلدیات سندھ کو نالہ صفائی مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا

منگل 22 جون 2021 20:03

وزیر بلدیات سید ناصر شاہ اور سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ کا شہر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے بروز منگل شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالہ صفائی مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ 26 مئی سے آغاز ہونے والی نالی صفائی مہم پوری آب و تاب سے جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر برساتی نالوں سے نکالے جانے والا فضلہ لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جارہا ہے۔

نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو آگاہ کیا کہ مورخہ 19 جون تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق برساتی نالوں سے سینتیس لاکھ چھیانوے ہزار سات سو نوے 3796790کیوبک فٹ فضلہ پانچ ہزار تین سو چھیانوے 5396 ڈمپرز کے ذریعے لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا ہے اور مستقل طور پر یہ عمل جاری و ساری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سندھ نے سیکرٹری بلدیات سندھ اور نالہ صفائی مہم کی لئے بنائی گئی کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مون کی آمد سے قبل ہی حکومت سندھ نے ہنگامی بنیادوں پر جن اقدامات پر عملدرآمد کیا اس کے ثمرات اب نظر آرہے ہیں اور یقینی طور پر اس برسات کے موسم میں صوبے بالخصوص کراچی کی عوام کو زحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیر بلدیات سندھ کے مطابق حکومت سندھ اپنے تمام فیصلوں اور اقدامات کا فیصلہ براہ راست عوام کو پہنچانا چاہتی ہے اور اس مقصد کی تکمیل کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ نالہ صفائی مہم کے دیرپا نتائج اور مستقل ثمرات حاصل کرنے کے لئے مون سون کے تمام سیزن میں برساتی نالوں کی صفائی کا عمل جاری رہے گا۔نجم احمد شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ نالہ صفائی مہم کے دوران سرکاری عملے سے تعاون کریں اور مختص کردہ مقامات کے علاوہ کچرا پھیکنے سے گریز کریں۔دورے کے دوران پی آئی ڈی سی نالہ ، آئی آئی چندریگر نالہ، سولجر بازار نالہ، زہری ہاوس نالہ، گلستان ظفر نالہ سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :