خیبرپختونخوا اسمبلی میں پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پریکٹیشنرز بل 2021 اظہار رائے کی آزادی کو فروغ،تحفظ اور مؤثر طریقے سے یقینی بنانے کے لیے بل پیش

حکومت یہ یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی کہ آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت فراہم کردہ ہر صحافی اور میڈیا عملے کی زندگی، تحفظ اور سلامتی کا حق محفوظ رہی:بل کا متن

منگل 22 جون 2021 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء) خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نگہت یاسمین اورکزئی نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پریکٹیشنرز بل 2021 کو صحافیوں اور دیگر میڈیا عملے کی 'آزادی، غیر جانبداری، تحفظ اور اظہار رائے کی آزادی کو فروغ دینے، تحفظ اور مؤثر طریقے سے یقینی بنانے کے لیی' صوبائی اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں پیش کردیا۔

اس سے قبل انہوں نے خیبر پختونخوا میں کم عمر میں شادی کی روک تھام کے حوالے سے بھی ایک بل جمع کرایا تھا۔ صحافی تحفظ بل میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی کہ آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت فراہم کردہ ہر صحافی اور میڈیا عملے کی زندگی، تحفظ اور سلامتی کا حق محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

نیز حکومت اس بات کو بھی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی کہ صحافیوں کے کام میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی یا سیکیورٹی قوانین کو اپنی مرضی کے مطابق استعمال نہ کیا جائے۔

بل کے سیکشن 4 کے مطابق ہر صحافی اور دیگر میڈیا عملے کو معلوماتی مواصلات اور خط و کتابت کے پیشہ ورانہ ذرائع کے انکشاف سے تحفظ حاصل ہوگا۔اس بل میں افراد یا سرکاری یا نجی اداروں یا اتھارٹی کے گروپس کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا عملے کے تحفظ کے لیے کمیشن کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے تاکہ وہ ہراساں کرنے، جنسی طور پر ہراساں کرنے، تشدد اور صحافیوں یا میڈیا عملے کے خلاف ہونے والے تشدد کی دھمکیوں کے سلسلے میں درج کی جانے والی شکایات پر غور کریں۔